
فرانسیسی بحریہ نے بحر اوقیانوس میں ایک روسی آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ایکس پر لکھا کہ روسی جہاز جس کا نام ٹیگور ہے، بین الاقوامی پابندیوں کیخلاف ورزی کررہا تھا جس بنا پر یہ آپریشن کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن برطانیہ سمیت کئی شراکت داروں کی حمایت سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحری جہازوں کے لیے یہ ناقابل قبول ہے کہ وہ بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی کریں اور اس جنگ کی مالی معاونت کریں جو روس نے یوکرین کے خلاف چھیڑی ہوئی ہے۔بحر اوقیانوس کے میری ٹائم پریفیکچر نے ایک الگ بیان میں کہا کہ فرانسیسی بحریہ نے روس سے آنے والے آئل ٹینکر کو برٹنی سے 740 کلومیٹر مغرب میں روکا۔واضح رہے کہ فرانس اور برطانیہ دونوں نے روس کے منظور شدہ شیڈو فلیٹ سے منسلک بحری جہازوں کو روکنے کا عزم کیا ہوا ہے جو ان کے پانیوں سے گزرتے ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ انہوں نے برطانوی فوج کو "شیڈو فلیٹ” سے تعلق رکھنے والے بحری جہازوں کو روکنے کی اجازت دے دی ہے۔



