لیڈی ڈیانا کے بھائی کا بورڈنگ اسکول میں جنسی استحصال کا نشانہ بننے کا انکشاف
برطانیہ کی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بھائی ارل اسپینسر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کم عمری میں بورڈنگ اسکول کے دوران جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 59 سالہ ارل اسپینسر نے اپنی سوانح عمری میں انکشاف کیا کہ انہیں 1970 کی دہائی کے دوران میڈ ویل ہال نامی نجی اسکول میں ایک خاتون نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ صرف 11 سال کے تھے جب انہیں جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔اپنی نئی کتاب ’اے ویری پرائیویٹ اسکول‘ میں ارل اسپینسر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسکول میں کام کرنے والے عملے کی ایک خاتون (جسے انہوں نے ’پیڈو فائل‘ قرار دیا) نے انہیں اور دیگر لڑکوں کو بھی جنسی استحصال کا نشانہ بنایا جب وہ رات کے وقت اپنے ہاسٹل میں تھے۔ارل اسپینسر نے کہا کہ خاتون ملازم بیرون ملک مقیم ہے یا ان کا انتقال ہو گیا ہے۔ارل اسپینسر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسکول کے سابق ہیڈ ماسٹر جان پورچ نے ان پر جسمانی تشدد کیا، بی بی سی کے مطابق جان پورچ کا جنوری 2022 میں انتقال ہو گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس واقعے سے آج بھی وہ گہرے صدمے میں ہیں، اُس وقت کئی لڑکوں نے اسکول چھوڑ دیا تھا۔