ڈونلڈ ٹرمپ کا جو بائیڈن کو ٹی وی مناظرے کا چیلنج
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن کو ٹی وی پر مناظرے کا چیلنج کر دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان اپنے حریف صدارتی امیدوار نکی ہیلی کی جانب سے صدارتی مہم سے دستبرداری کے چند گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پر سامنے آیا جس میں انہوں نے لکھا کہ وہ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر سے کہیں بھی، کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ ٹی وی مناظرے کے لیے تیار ہوں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ہمارے ملک کے لیے یہ بہتر ہو گا کہ میں اور جو بائیڈن ان معاملات پر مناظرہ کریں جو امریکا اور یہاں کے عوام کے لیے بہت ضروری ہیں۔خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن پرائمری کے انتخابات کے لیے مناظرے میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا اور وہ جنرل الیکشن کے امیدواروں کے درمیان مناظرے کے سخت ناقد رہے ہیں تاہم اب انہوں نے بائیڈن کو مناظرے کا چیلنج دیا ہے۔دوسری جانب جو بائیڈن کی کیمپین کے ترجمان مائیکل ٹیلر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا چیلنج ان کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پیاس اور ان کے لیے مشکلات کا باعث بننے والے کیسز میں اپیل کو توسیع دینا ہے۔یاد رہے کہ 77 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ بارہا یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ 81 سالہ جو بائیڈن ان سے مناظرے کے لیے عمر رسیدہ اور قابل رحم ہیں جبکہ اس کے جواب میں جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بوڑھا قرار دیا۔