غزہ میں انسانی امداد کا راستہ نہ کھلا تو ناقابل تصور تباہی ہوگی، ورلڈ فوڈ پروگرام

غزہ : غزہ میں جاری انسانی بحران پر جرمنی، مصر اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے اسرائیل پر شدید دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر امداد کی فراہمی کی اجازت دے۔جرمن چانسلر فریڈرِش میرٹس نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے فون پر گفتگو کی اور زور دیا کہ اسرائیل فوری طور پر غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل اور محفوظ تقسیم کو یقینی بنائے۔ادھر مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے قاہرہ میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا: "فلسطینیوں کے خلاف بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے غزہ میں بے روک ٹوک امداد کے داخلے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک (WFP) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنڈی مککین نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے فوری طور پر انسانی امداد کے لیے راستے نہ کھولے تو غزہ میں ایک ناقابل تصور انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فوری جنگ بندی، مکمل رسائی اور کھلے راستے درکار ہیں تاکہ ہم خوراک پہنچا سکیں۔ ورنہ ایک ایسی تباہی سامنے آئے گی جو دنیا نے پہلے کبھی نہ دیکھی ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کا عملہ دنیا میں سب سے زیادہ تجربہ کار ہے، اور اگر اسرائیل رسائی دے دے تو وہ بڑے پیمانے پر مدد فراہم کر سکتے ہیں۔