سعودی عرب سے تعلقات بحال کرنے کی شرط فلسطینی ریاست کاقیام نہیں:اسرائیلی حکومت
تل ابيب: امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان کے جواب میں اسرائیل نے کہا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی شرط پر سعودی عرب سے تعلقات قائم نہیں کریں گے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل سعودی عرب سے تعلقات کی بحالی کے لیے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر راضی ہوگیا۔خیال رہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے سعودی عرب نے شرط رکھی تھی کہ اسرائیل کو صرف اسی صورت میں تسلیم کرسکتے ہیں اگر صیہونی ریاست ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر راضی ہوجائے۔جس پر اسرائیل کے وزیر توانائی اور سابق وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے تعلقات کی بحالی کی قیمت فلسطینی ریاست کا قیام ہونا قابل قبول نہیں۔اسرائیلی وزیر ایلی کوہن نے مزید کہا کہ اگر فلسطینی ریاست کے قیام پر بضد رہے تو اس صورت میں ہم سعودی عرب اور علاقائی تعلقات کی بحالی کے معاہدہ کرنے سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔