بین الاقوامی
Trending

اسرائیلی سفاکیت تھم نہ سکی، غزہ پر تازہ حملوں میں خواتین، بچوں سمیت 112 فلسطینی شہید

غزہ: غزہ میں اسرائیلی سفاکیت تھم نہ سکی،اسرائیل کے غزہ پر تازہ ترین حملوں میں 112 فلسطینی شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ سٹی میں سکول پر حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 30 فلسطینی شہید ہوئے۔شمالی غزہ میں مسلسل بمباری سے 71 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، شمالی غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد فلسطینیوں کا انخلاء ہو چکا ہے۔یاد رہے کہ غزہ جنگ میں شہداء کی مجموعی تعداد 50 ہزار 523 سے تجاوز کر گئی جبکہ ایک لاکھ 638 افراد زخمی ہوئے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ مزید علاقوں پر قبضہ کرکے غزہ پٹی کو تقسیم کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ فوج وسیع علاقے پر قبضہ کرکے بفر زون میں شامل کرے گی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ لبنان میں کئے گئے ایک ٹارگٹڈ حملے کے دوران حماس رہنما کو بچوں سمیت شہید کردیا گیا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنانی وزیر اعظم نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ”لبنانی خود مختاری پر کھلا حملہ” اور اسرائیل کے ساتھ 27 نومبر کی جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا۔اسرائیلی فوج کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ رات کے وقت سیڈون کے علاقے میں ایک ٹارگٹڈ حملہ کیا گیا ہے، جس میں لبنان میں موجود حماس رہنما حسن فرحات کو شہید کردیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج نے الزام لگایا ہے کہ حماس کے کمانڈر حسن فرحات نے اکتوبر 2023 میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے دوران اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں پر متعدد حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔ایک فلسطینی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ سیڈون کے رہائشی علاقے میں ایک فلیٹ پر حملے میں حماس کمانڈر، ان کا بیٹا اور بیٹی شہید ہوئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملے سے متاثرہ فلیٹ کی چوتھی منزل پرآگ لگ گئی تھی، جس سے آس پاس کی عمارتوں کو بھاری نقصان پہنچا اور گنجان آباد محلے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔لبنان کے سرکاری میڈیا نے صبح کے وقت سیڈون پر حملے کی اطلاع دی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ حملے میں کم از کم تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔لبنان کی وزارت صحت نے اس حملے میں چار افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔لبنانی رہنماؤں نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button