سورج سے دس گنا بڑے ستارے کی تباہی کا حیرت انگیز واقعہ

واشنگٹن: فلکیات دانوں نے ایک ایسے تباہ کن واقعے کا مشاہدہ کیا ہے جس میں ایک بڑا ستارہ غلط رخ منتخب کرنے کے باعث اپنی موت سے ہمکنار ہو گیا۔ یہ ایک بالکل نئے قسم کے سپرنووا (ستارے کا عظیم دھماکہ) کی نشاندہی ہے، جو اس وقت ہوا جب ایک عظیم ستارہ ایک بلیک ہول کو نگلنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ وہی بلیک ہول جس کے ساتھ وہ طویل عرصے سے کششی رقص یعنی پاس ڈی ڈیو میں بندھا ہوا تھا۔یہ ستارہ کم از کم ہمارے سورج سے 10 گنا زیادہ بڑا تھا جبکہ بلیک ہول کا کمیت بھی تقریباً اتنی ہی تھی۔ دونوں ایک بائنری سسٹم میں کششی طور پر جُڑے ہوئے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان کے درمیان فاصلہ کم ہوتا گیا، اور بلیک ہول کی شدید کششِ ثقل نے ستارے کو کھینچ کر اس کی گولائی بگاڑ دی، اس سے مادہ چوسنا شروع کر دیا، اور بالآخر اسے دھماکے سے پھٹنے پر مجبور کر دیا۔امریکی نیشنل سائنس فاؤنڈیشن کے انسٹیٹیوٹ برائے AI اینڈ فنڈامینٹل انٹریکشنز (MIT) کے ماہر فلکیات الیگزینڈر گیگلیانو نے کہا: ہم نے ایک بڑے ستارے کو بلیک ہول کے ساتھ قید پایا۔ کئی سالوں تک بلیک ہول کے ساتھ موت کے گھیراؤ میں پھنسے رہنے اور اپنا مادہ کھونے کے بعد، ستارہ ایک شاندار دھماکے سے ختم ہوا جس میں ایک سیکنڈ میں سورج کی پوری عمر کے دوران خارج ہونے والی توانائی سے بھی زیادہ توانائی خارج ہوئی۔