
لاس کروسیس: امریکی ریاست نیو میکسیکو کے شہر لاس کروسیس میں کار شو کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 3 نوجوان ہلاک اور 15 افراد زخمی ہوگئے۔لاس کروسیس پولیس کے مطابق فائرنگ جمعہ کی رات 10 بجے اس وقت ہوئی جب دو گروپوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں دو 19 سالہ اور ایک 16 سالہ نوجوان شامل ہیں، تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔لاس کروسیس کے میئر ایرک اینریکز نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کمیونٹی سے اتحاد اور مضبوطی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔فائر چیف مائیکل ڈینیئلز کے مطابق زخمیوں میں سے 7 کو ایڈوانس علاج کے لیے ایلبو، ٹیکساس کے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ 4 کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ بقیہ 4 زخمیوں کی حالت تاحال غیر واضح ہے۔پولیس کے مطابق زخمیوں کی عمریں 16 سے 36 سال کے درمیان ہیں۔ جائے وقوعہ سے ہینڈ گن کے خول برآمد کر لیے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔نیو میکسیکو کی گورنر میشل لوہان گریشام نے واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاستی وسائل کو بروئے کار لا کر تحقیقات میں تعاون فراہم کریں گی۔ لاس کروسیس امریکہ-میکسیکو بارڈر کے قریب واقع ہے اور ایلبو، ٹیکساس سے 41 میل شمال میں واقع ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس کوئی معلومات ہو تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے۔