سیلاب سے متاثرہ پاکستان نے مدد کی درخواست کی تو اقوام متحدہ تیار ہے، انتونیو گوتیریس

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے پاکستان اور بھارت میں حالیہ سیلابوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر دونوں میں سے کسی بھی ملک نے باضابطہ طور پر مدد کی درخواست کی تو اقوامِ متحدہ فوری طور پر امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق سیکریٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت متاثرین کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے، اور ضرورت پڑنے پر اقوامِ متحدہ امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کرے گا۔حالیہ دنوں پاکستان میں بارشوں اور سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہوئی ہے۔ صرف خیبرپختونخوا میں دو دن کے دوران 323 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 657 ہوچکی ہے۔یاد رہے کہ 2022 میں بھی گوتیریس نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سندھ و بلوچستان سمیت شدید متاثرہ علاقوں میں تباہی کا خود جائزہ لیا تھا۔ادھر ویٹی کن سٹی سے بھی ہمدردی اور دعاؤں کا پیغام آیا ہے۔ پوپ لیو چہار دہم نے اتوار کو متاثرین کےلیے خصوصی دعا کی اور کہا کہ وہ پاکستان، بھارت اور نیپال کے عوام کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں جو بارشوں اور سیلاب کی آفت سے دوچار ہیں۔ پوپ نے کہا کہ ان کی دعائیں ان تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں جو دکھ اور مشکلات سے گزر رہے ہیں۔