پیرس کے لوور میوزیم میں انوکھی واردات، چور دن دہاڑے نایاب زیورات لے اڑے

پیرس:فرانس کے مشہور لوور میوزیم میں چول دن دہاڑے کرین کے ساتھ داخل ہو کر شاہی زیورات کے خانے سے نایاب زیورات چوری کرکے باآسانی فرار ہوگئے۔غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی حکومت نے بتایا کہ چوروں نے کرین کی مدد سے پیرس کے لوور میوزیم میں داخل ہو کر بالائی منزل کی ایک کھڑکی توڑ دی اور اس حصے سے قیمتی زیورات چرا لیے جہاں فرانسیسی شاہی زیورات رکھے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ واردات کے بعد چور باآسانی موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیرس کے مشہور میوزیم میں چوری کی واردات کے بعد وہاں کی سکیورٹی سے متعلق سخت سوالات جنم لے چکے ہیں اور ایک ایسے وقت میں جب حکومت عالمی شہرت یافتہ مقام میں سرمایہ کاری کی کمی پر تشویش ظاہر کر چکی ہے۔حکام کے مطابق میوزیم میں 2024 میں 87 لاکھ سیاحوں کی آمد ہوئی تھی اور اب اس واردات سے سیکیورٹی مسائل ہوسکتے ہیں۔فرانس کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ چوروں نے اتوار کو صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر واردات کی حالانکہ اس وقت میوزیم عوام کے لیے کھل چکا تھا اور وہ گیلری ڈے اپولون کی عمارت میں داخل ہوئے۔