انوکھی شادی: 63 سالہ دلہن اور 31 سالہ دلہا؛ دلہن عمر میں ساس سے بھی بڑی

جاپان میں ایک غیر معمولی اور دلچسپ محبت کی کہانی نے سب کو حیران کردیا، جہاں 63 سالہ خاتون نے اپنے سے 32 سال کم عمر نوجوان سے شادی کرلی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دلہن عمر میں دلہے کی والدہ سے بھی چھ سال بڑی ہیں۔ہانگ کانگ کے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ جوڑا اب مل کر ایک میرج ایجنسی چلا رہا ہے۔ ان کے مطابق ان کا رشتہ ایک انوکھے اتفاق سے شروع ہوا اور پھر غیر متوقع طور پر رومانوی تعلق میں ڈھل گیا۔خاتون نے 48 سال کی عمر میں دو دہائیوں پر محیط شادی شدہ زندگی ختم کر دی اور اکیلے اپنے بیٹے کی پرورش کی۔ انہوں نے کتوں کے ساتھ زندگی گزاری اور پالتو جانوروں کے کپڑوں کا کاروبار بھی کیا۔ کبھی کبھار وہ ڈیٹنگ ایپس استعمال کرتی تھیں مگر کوئی رشتہ قائم نہ رہ سکا۔اگست 2020 میں ٹوکیو کے ایک کیفے میں خاتون کو ایک کھویا ہوا موبائل فون ملا، جو اسی نوجوان کا تھا۔ فون واپس کرنے پر دونوں کی پہلی ملاقات ہوئی اور جلد ہی بات چیت کا سلسلہ گہری دوستی میں بدل گیا۔ ایک ہفتے بعد ان کی ٹرام میں دوبارہ ملاقات ہوئی، جہاں انہوں نے نمبرز کا تبادلہ کیا اور روزانہ رات گئے تک گفتگو کرنے لگے۔نوجوان نے پہلی ہی ملاقات میں ایک پرچی خاتون کو تھمائی، جس پر لکھا تھا: ’’براہ کرم میری پرنسس بن جاؤ‘‘۔ تقریباً ایک ماہ بعد دونوں نے ایک دوسرے کو اپنی اصل عمریں بتائیں، مگر تب تک ان کا رشتہ اس قدر مضبوط ہو چکا تھا کہ عمر کی حقیقت نے کوئی فرق نہ ڈالا۔