چیمپیئنزٹرافی فائنل؛ کھیلوں کے قوانین کی خلاف ورزی پرقید و بھاری جرمانے کی وارننگ

اتوار ( 9 مارچ ) کو چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل دبئی پولیس نے شائقین کو کھیلوں کے قوانین کی خلا ف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور قید کی سزا سے خبردار کردیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق دبئی پولیس نے شائقین کرکٹ کو خبردار کیا ہے کہ اسٹیڈیم میں میچ کے دوران کھیلوں کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں انہیں ایک سے تین ماہ تک قید یا پانچ ہزار سے 30 ہزار درہم ( تین لاکھ 80 ہزار روپے سے 22 لاکھ 85 ہزار روپے ) تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔دبئی پولیس نے شائقین کرکٹ کے لیے سخت وارننگ جاری کی ہے تاکہ وہ کھیل کے مقابلوں کے دوران قوانین کی پابندی کردیں۔واضح رہے کہ اتوار (9 مارچ ) کو دبئی میں چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانا ہے، اس سے قبل شائقین کو جوش جذبات میں قانون کی خلاف ورزی سے باز رکھنے کے لیےدبئی پولیس نے یہ وارننگ جاری کی ہے۔کھیل کے میدانوں میں میچ کے دوران شائقین کے گراؤنڈ میں گھس آنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، حال ہی میں دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پیش آیا، جہاں ایک شخص بھارت کی فتح کے بعد میدان میں گھس آیا تھا جسے سیکیورٹی نے حراست میں لے لیا تھا۔ دبئی پولیس نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں ایسے کسی ناخوشگوار واقعے یا مداخلت کے سدباب کے لیے شائقین کرکٹ کو پہلے ہی خبردار کردیا ہے۔