غزہ : فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے ایک سینیئر رہنما باسم نعیم نے کہا ہے کہ حماس غزہ میں جنگ بندی کے لیے تیار ہے، تاہم نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ اسرائیل پر جارحیت کے خاتمے کے لیے دباؤ ڈالیں۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق باسم نعیم حماس کے سیاسی بیورو کے رکن ہیں، انہوں نے اس امر کا اظہار جمعہ کے روز بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ان کاکہنا تھا کہ اگر جنگ بندی کی تجویز پیش کی گئی اور اس کی شرائط کا اسرائیل نے بھی احترام کیا تو حماس غزہ میں جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے تیار ہے۔حماس رہنما نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ہم امریکی انتظامیہ اور نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ غزہ میں اپنی جارحیت کو ختم کرے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہید ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔
0