یمنی حوثیوں نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے بحیرہ احمر اور بحیرہ عمان میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے دو ڈسٹرائروں اور ایک طیارہ بردار بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سیری نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں نے بحیرہ احمر اور بحیرہ عمان میں دو حملے کیے جو 8 گھنٹے تک جاری رہے۔یمنی حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سیری نے دعویٰ کیا کہ ہم نے یہ حملہ ایسے وقت میں کیا جب امریکہ یمن پر حملے کی تیاری میں مصروف تھا جبکہ دوسرے حملے میں بحیرہ احمر میں دو امریکی ڈسٹرائر کو نشانہ بنایا گیا۔اُنہوں نے وضاحت کی کہ اسرائیل کے خلاف حوثیوں کے حملوں کو اُس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک کہ غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم نہیں ہوتا اور غزہ اور لبنان میں حملے بند نہیں ہو جاتے۔حوثیوں سے وابستہ وزارت دفاع کے روحانی رہنمائی شعبے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبداللہ بن عامر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ امریکی افواج کے خلاف ایک احتیاطی فوجی کاروائی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی محکمہ دفاع کا یہ اعلان سامنے آیا تھا کہ امریکہ نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے خلاف فضائی حملے کیے ہیں۔پینٹاگون کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل پیٹرک رائیڈر کا کہنا تھا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے یمن میں حوثیوں کے ہتھیاروں کے گوداموں پر فضائی حملے کیے اور کہا کہ یہ کاروائیاں حوثیو ں کے امریکی اتحادی قوتوں کے خلاف حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔
0