الیکشن نتائج کے خلاف پی ٹی آئی میدان میں آگئی، تحریک انصاف نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔لاہور میں پولیس نے کارروائی کے دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا، اسلام آباد میں ایف نائن پارک سے ریلی نکالی گئی، فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا، نعرے بازی کی۔پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے پارک میں جمع ہوئے، شیر افضل مروت، شعیب شاہین، سیمابیہ طاہر، شہریار ریاض اور دیگر رہنما بھی احتجاجی مظاہرے میں موجود تھے۔پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی، اسلام آباد پولیس نے سیاسی جماعت کے احتجاج کے دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا، پولیس نے قیدی وین اور واٹر کینن واپس روانہ کر دی، احتجاج کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی گئی۔کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے الیکشن کمیشن دفتر کے باہر احتجاج کیا، احتجاج میں مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی، الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی گئی، اس موقع پر الیکشن کمیشن سندھ کے باہر پولیس کی نفری تعینات تھی۔گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے کا رکنوں نے انتخابی نتائج میں دھاندلیوں کیخلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرہ کیا، این اے 80 اور77 کے کارکنان کے احتجاج کے باعث حافظ آباد اور نوشہرہ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، احتجاجی مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی رہنما لالہ اسداللہ اور حسن یوسف نے کی۔
0