0

نسیم اپنے بھائیوں کو اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل کرنے سے منع کررہے تھے، شاداب خان

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اپنے دونوں بھائیوں نوجوان فاسٹ باؤلر عبید شاہ اور حنین شاہ کو ٹیم میں شامل کرنے سے انکار کررہے تھے۔شاداب خان نے کرکٹ پاکستان نامی کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمارا کلچر ایسا ہے کہ ٹیم میں اگر کسی کا بھائی، بیٹا، پوتا اور بھتیجا شامل ہوجائے تو الزام لگایا جاتا ہے کہ سسٹم کی وجہ سے ہی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ’اسی وجہ سے نسیم شاہ بہت ٹینشن میں تھے اور وہ اپنے بھائیوں کو ٹیم میں شامل کرنے سے انکار کررہے تھے لیکن ظاہر ہے کہ ہمیں اپنی ٹیم کو دیکھنا تھا اور بہترین آپشنز کا انتخاب کرنا تھا خاص طور پر ابھرتی ہوئی کیٹیگری میں کھلاڑیوں کو شامل کرنا تھا جو سب سے اہم ہے۔‘انہوں نے کہا کہ اگر ابھرتے ہوئے کھلاڑی اچھے ہیں تو ٹیم کا کمبی نیشن بہت مضبوط ہوگا، حنین پچھلے دو سیزن سے مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ہمیں یقین نہیں تھا کہ عبید شاہ کو بھی ہم منتخب کریں گے لیکن خوشقسمتی سے وہ بھی ٹیم میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔’شاداب نے نسیم کی فٹنس کے بارے میں اپڈیٹ دیتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ نسیم انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد اب مکمل طور پر فٹ دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’ہم نے کیمپ کے دوران میچز کھیلے ہیں اور نسیم اب مکمل طور پر فٹ نظر آرہے ہیں، انجری کے بعد صحت یاب ہونے میں وقت لگتا ہے، ہمیں امید ہے کہ نسیم پہلے دن سے اپنی بہترین کارکردگی پر واپس آئیں گے، لیکن ہم انہیں وقت بھی دیں گے کیونکہ ایک کھلاڑی کو فارم میں واپس آنے میں وقت لگتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں