0

دنیا کا سب سے خطرناک اور طاقتور ڈرگ مافیا سرغنہ امریکا سے گرفتار

میکسیکو سے تعلق رکھنے والے دنیا کے سب سے خطرناک اور طاقتور ڈرگ مافیا کے سرغنہ ال مایو کو امریکا سے گرفتار کر لیا گیا۔امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ میکسیکو کے بدنام زمانہ منشیات مافیا کے دواہم افراد کو ٹیکساس سے گرفتار کیا گیا، یہ ڈرگ مافیا دنیا کا سب سے خطرناک اور طاقتور مافیا ہے۔اٹارنی جنرل کے مطابق میکسیکو کے منشیات مافیا کے بانی اسماعیل ال مایو زمبادا اور شریک بانی جاؤ کوئن الچاپو گزمین کے بیٹے جاؤکوئن گزمین لوپیز کو ٹیکساس سے گرفتار کیا گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زمبادا نے الچاپو کے ساتھ ملکر میکسیکو کے بدنام زمامہ ڈرگ گروہ سنا لوا کی بنیاد رکھی تھی۔الچاپو پہلے ہی گرفتار ہیں جبکہ ال مایو پر امریکی پراسیکیوٹر نے رواں برس فروری میں ہیروئن سے بھی طاقتور ڈرگ فنٹانیل بنانے اور اسے تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا تھا جو امریکا میں ڈرگ کرائسز یعنی نشہ آور چیزوں کے استعمال سے اموات کی شرح میں اضافے کا باعث تصور کیا جاتا ہے۔امریکا کی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) نے ال مایو زمبادا کی گرفتاری پر 15 ملین ڈالر انعام کا اعلان بھی کر رکھا تھا۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فنٹانیل ملک کے لیے ایسا خطرناک ترین نشہ ہے جس کا اس سے پہلے کبھی سامنا نہیں کیا گیا اور اس مہلک نشے سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔امریکی پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ سنالوا امریکا میں فنٹانیل سپلائی کرنے والا سب سے بڑا منشیات کا گروہ ہے جبکہ اس سے قبل امریکی حکام نے 18 سے 45 سال کے نوجوانوں میں اموات کی بڑی وجہ فنٹالین کو ہی قرار دیا تھا۔الچاپو کے خلاف ٹرائل کے دوران 2019 میں ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ال مایو زمبادا میکسیکو کی پوری حکومتی مشینری کو رشوت دیتا ہے جس کی وجہ سے وہ کسی بھی قسم کے مقدمے سے بے خوف ہو کر آزادانہ گھومتا پھرتا ہے، حقیقت یہ ہے کہ ان کے مؤکل الچاپو گزمین نے کچھ بھی نہیں کیا، سب کچھ ال مایو زمبادا کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں