0

فرانس؛ اولمپک کی تقریب سے چند گھنٹے قبل ریلوے اسٹیشن پر حملہ

پیرس: فرانس میں اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب کے لیے 10 ہزار فوجی اور 45 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے لیے موجود ہیں لیکن اس دوران ریلوے اسٹیشن پر حملے نے کھلبلی مچادی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سرکاری ریلوے آپریٹر نے بتایا کہ شرپسندوں نے لِل، بورڈو اور اسٹراسبرگ جیسے شہروں کو ملانے والی تیز رفتار ترین ریلوے ٹریک کے سگنل باکسز کو نقصان پہنچایا۔تخریب کاروں نے ریلوے اسٹیشن پر توڑ پھوڑ بھی کی اور آگ لگانے کی کوشش بھی کی جو کامیاب نہ ہوسکی۔ریلوے حکام نے بتایا کہ بروقت کارروائی کرکے دارالحکومت پیرس کی مارسیل لائن پر ایک اور حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ سگنل باکسز کی خرابی سے کئی ٹرینیں آپس میں ٹکرا سکتی ہیں۔ریلوے حکام نے تمام مسافروں سے سفر ملتوی کرنے کی اپیل کی جب کہ متعدد ٹرینوں کو واپس بھیج دیا گیا۔ 8 لاکھ سے زائد مسافر متاثر ہوئے۔ مرمتی کام مکمل ہونے میں مزید چند روز لگ سکتے ہیں۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ تخریب کاروں نے مربوط اور منظم کارروائی میں فرانس کے انتہائی تیز رفتار ٹرین نیٹ ورک پر حملہ کیا جس کی وجہ سے پیرس میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل ملک کی مصروف ترین ریل لائنوں پر افراتفری پھیل سکتی تھی۔تاحال کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں