0

عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کا سفر تمام

عالمی جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کا سفر ختم ہو گیا، قومی جونیئر ٹیم غیر متوقع طور پر کوارٹر فائنل میں کولمبیا سے شکست کھا کر برانز میڈل سے بھی محروم ہوگئی۔امریکا کے شہر ہیوسٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جاری چیمپئن شپ کے مینز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں کولمبیا نے پاکستان کو حیرت انگیز طور پر 1-2 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔پہلے میچ میں سابق عالمی جونیئر چیمپین اور کپتان حمزہ خان کو غیر متوقع طور پر 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، دوسرے میچ میں عبداللہ نواز نے سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے کامیابی پا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، فیصلہ کن میچ میں محمد عماد 1-3 سے مات کھا گئے۔سیمی فائنل میں رسائی کی صورت میں پاکستان برانز میڈل کا حقدار بن جاتا، واضح رہے کہ پاکستان نے چیمپین شپ کے گروپ میچز میں جرمنی اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کے بعد پری کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم کو بھی ناکامی سے ہمکنار کیا تھا۔دوسری جانب ایونٹ کے دیگر کوارٹر فائنلز میں امریکہ نے جنوبی افریقہ، کوریا نے بھارت اور دفاعی چیمپین وٹاپ سیڈ مصر نے انگلینڈ کو شکست دے دی، ویمن ٹیم ایونٹ کے کوارٹر فائنلز میں ٹاپ سیڈ مصر نے نیوزی لینڈ، کینیڈا نے ہانگ کانگ، ملائشیا نے بھارت اور امریکا نے انگلینڈ کو ناکامی سے دوچار کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں