ممبئی: بالی ووڈ میں ‘بیبو’ کے نام سے شہرت رکھنے والی سُپر اسٹار کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک اچھی طالبہ تھیں اور وکیل بننا چاہتی تھیں۔کرینہ کپور، جو اب بالی ووڈ کی ٹاپ اداکارہ ہیں، اُنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز سال 2000 میں ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم ‘ریفیوجی’ سے کیا تھا، شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل اداکارہ اپنی پڑھائی کو لیکر بہت سنجیدہ تھیں، اُنہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی میں سمر کورس بھی کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میرے والدین کی جانب سے مجھ پر کبھی بھی کسی مخصوص کیرئیر کے انتخاب کے لیے دباؤ نہیں ڈالا گیا اور نہ ہی کسی نے مجھے اداکاری پر مجبور کیا۔کرینہ کپور نے کہا کہ میرے والدین ہمیشہ سے یہی چاہتے تھے کہ میں وہی کروں جو میرا دل چاہتا ہے اور میں اپنی پسند اور شوق کے حساب سے اپنے پیشے کا انتخاب کروں۔اداکارہ نے کہا کہ میں ایک بہترین طالبہ تھی، جب میں نے ہارورڈ یونیورسٹی کے سمر پروگرام میں داخلہ لیا تھا تو وہ میری زندگی کا بہترین وقت تھا، میں نے وہ وقت بہت انجوائے کیا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ اس پروگرام نے مجھے خود مختار اور مضبوط بنایا تھا، میرے اندر اعتماد پیدا ہوا تھا، میں چاہتی تھی کہ میں وکیل بنوں لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔کرینہ کپور نے کہا کہ ہارورڈ سے واپس بھارت آنے کے بعد، میں نے اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا، میرے اس فیصلے میں بھی میرے والدین خوش اور مطمئن تھے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے کے بعد احساس ہوا کہ میرا اصل جنون اور شوق وکالت نہیں بلکہ اداکاری ہی ہے۔
0