واشنگٹن: امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے بحیرہ احمر میں حوثیوں کی 4 کشتیوں اور دو ڈرونز طیاروں کو مار گرایا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب حوثیوں نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے پانیوں میں غیر ملکی بحری جہازوں پر حملے کیے اور کچھ کو یرغمال بھی بنایا۔امریکی فوج نے گزشتہ روز یمن میں حوثیوں کے دو عسکری مقامات پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائیاں حوثیوں کو بحری جہاز پر حملے کا جواب ہیں۔خیال رہے کہ امریکا نے رواں ہفتے کے آغاز میں حوثیوں پر سول بحری جہازوں ’ایم وی ٹوٹر‘ اور ’ایم وی وربانا‘ پر حملے کرکے سمندر برد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بدلہ لینے کی دھمکی بھی دی تھی۔امریکی حکام نے حوثیوں سے بحری جہازوں پر حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان حملوں کے باعث یمن میں انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔امریکی حکام نے حوثیوں پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے ملازمین، سفارت کاروں اور این جی اوز کے کارکنوں سمیت تمام قیدیوں کو فی الفور رہا کرے۔
0