0

ٹی 20 ورلڈکپ: انگلینڈ نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نمیبیا کو 41 رنز سے شکست دیدی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 34 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں نمیبیا کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 41 رنز سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔نارتھ ساؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کو انگلش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا اور میچ کو پہلے 11 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا لیکن انگلش ٹیم کی اننگز میں پھر بارش کی وجہ سے میچ رکا اور پھر فی اننگز 10 اوورز تک محدود کی گئی۔انگلینڈ نے مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز اسکور کیے تاہم ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نمیبیا کو 126 رنز کا ہدف ملا۔انگلش ٹیم کی جانب سے ہیری بروک نے ناقابل شکست 47 اور جونی بیئراسٹو نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ فل سالٹ 11، کپتان بٹلر صفر، معین علی 16 اور لیونگ اسٹن 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نمیبیا کی جانب سے روبین ٹرمپلمین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ کے 126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 10 اوورز میں 3 وکٹوں پر 84 رنز بنا سکی۔مائیکل وین 33، نکولس ڈیون 18 اور ڈیوڈ ویزا نے 27 رنز اسکور کیے۔انگلش ٹیم کی جانب سے آرچر اور جارڈن نے ایک ایک وکٹ لی۔یوں انگلینڈ نے 41 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کی امید برقرار رکھی۔گروپ بی سے آسٹریلیا پہلے ہی سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے، انگلش ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے کینگروز کے ہاتھوں اسکاٹ لینڈ کی شکست کا انتظار کرنا ہوگا۔گروپ بی میں آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ 5،5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔انگلش ٹیم کے گروپ میچز ختم ہوگئے ہیں جبکہ اسکاٹ لینڈ نے آسٹریلیا سے آخری میچ آج کھیلنا ہے۔اگر یہ میچ آسٹریلیا جیت گیا تو انگلینڈ سپر 8 میں پہنچ جائے گا لیکن اگر اسکاٹ لینڈ نے کینگروز کے خلاف اپ سیٹ کردیا تو وہ اگلے مرحلے میں کوالیفائی کر جائے گا اور انگلش ٹیم کا سفر ختم ہوجائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں