نیشن کپ میں پاکستان اور ملائشیا کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-4 گول سے برابر رہا۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشن کپ کے میچز 31 مئی سے 9 جون تک پولینڈ میں کھیلے جائیں گے۔میچ کے پہلے ہاف میں ملائیشیا کا پلڑا بھاری رہا لیکن دوسرے ہاف میں پاکستانی شاہینوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا۔پاکستان کی جانب سے پہلا فیلڈ گول 32ویں منٹ میں عبدالرحمٰن، دوسرا گول 43 ویں منٹ میں پینالٹی کارنر کے ذریعے محمد سفیان خان، تیسرا فیلڈ گول 52ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد جبکہ چوتھا گول کھیل کے آخری لمحات میں پینالٹی اسٹروک کے زریعے ابوبکر محمود نے اسکور کیا۔ملائیشیا کی جانب سے پہلے ہاف میں فطری ساری، ابوبکر کمال اور فیض ساری نے گول اسکور کیا جبکہ دوسرے ہاف میں ملائیشیا کی جانب سے واحد گول فطری ساری نے داغا۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 4-4 گول سے برابر رہا۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر 9 ٹیمیں شریک ہیں جن کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں پولینڈ، جنوبی کوریا، آسٹریا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ جبکہ گروپ بی پاکستان، فرانس، ملائشیا، کینیڈا شامل ہیں۔پاکستان اپنا دوسرا میچ 2 جون کو کینیڈا جبکہ آخری میچ 5 جون کو فرانس کے خلاف کھیلے گا۔
0