Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

ڈھائی سال میں ایک لاکھ 35 ہزار گھر تعمیر، پانچ سال میں 10 لاکھ کا ہدف مریم نواز

ملتان ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام نے ہزاروں بے گھر خاندانوں کا خواب حقیقت میں بدل دیا ہے منصوبے کی کامیابی پر عالمی سطح پر پذیرائی ملی، جبکہ قائد محمد نواز شریف نے پانچ سال میں پانچ لاکھ کے بجائے 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف دیا ہے ملتان اسٹیڈیم میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ 25 ہزار گھر مالکان کی موجودگی ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ تمام عمر کرائے کے مکانوں میں گزارنے والے خاندانوں کو اپنی چھت مبارک ہو۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار گھر تعمیر ہو چکے ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ گھر تکمیل کے قریب ہیں انہوں نے کہا کہ 2026 کی سردیوں میں ہزاروں خاندان اپنے گھروں کے آنگن میں دھوپ سینکیں گے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ محض گھر نہیں بلکہ خاندانوں کے لیے عزت، تحفظ اور خوشحالی کا تحفہ ہے۔ جو رقم پہلے کرائے کی مد میں ادا ہوتی تھی، اب اس سے بھی کم قسط میں لوگ اپنے گھروں کے مالک بن رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پروگرام سے مستفید ہونے والے ڈھائی لاکھ خاندانوں میں سے کوئی ایک بھی ڈیفالٹر نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو عالمی سطح پر کم لاگت رہائشی منصوبے کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور یہ منصوبہ دنیا کے لیے ایک مثال بنے گا۔ پنجاب بھر میں روزانہ خاندان کرائے کے مکان چھوڑ کر اپنے گھروں میں منتقل ہو رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کی کامیابی پر قائد محمد نواز شریف، محکمہ ہاؤسنگ، پھاٹا، بینک آف پنجاب، مائیکروفنانس ایجنسی اور اخوت سمیت تمام متعلقہ اداروں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ ڈھائی سال میں مزید ہزاروں گھر تعمیر کرکے بے گھر خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button