پاکستان، بنگلہ دیش پارلیمانی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، بنگلہ دیشی سپیکر کی ملک محمد احمد خاں سے ملاقات

لاہور ( آصف اقبال ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اور اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے پنجاب اسمبلی میں سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے معزز مہمانوں کا پنجاب اسمبلی آمد پر پرتپاک استقبال کیاملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور پارلیمانی سطح پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیااس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ بنگلہ دیشی سپیکر اور پارلیمانی وفد کی آمد پاکستان اور بنگلہ دیش کے پارلیمانی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش تاریخی ثقافتی اور برادرانہ رشتوں میں منسلک ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی روابط اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو وسعت دینے، پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلوں اور مضبوط ادارہ جاتی روابط کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے بنگلہ دیشی وفد کو پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے مراحل اور پارلیمانی امور کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی بھی فراہم کی۔بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان سے وابستہ اپنی خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے ماضی کی حسین یادیں تازہ ہو گئی ہیں بنگلہ دیشی سپیکر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام اور پارلیمانوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے پارلیمانی روابط کا فروغ ناگزیر ہے پاکستان اور بنگلہ دیش کی قیادت اور عوام دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیںبنگلہ دیشی پارلیمانی وفد میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے وزارت خارجہ و رکن پارلیمنٹ جہرات ادیب چودھری، اراکین پارلیمنٹ ہمام قادر چودھری، محمد نذیب الرحمٰن، نیلوفر چودھری مونی اور ناصر الرحمٰن سمیت بنگلہ دیشی وزارت خارجہ ڈھاکہ کے ڈائریکٹر (SA-2) زکریا بن امجد اور سپیکر کے اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری محمد اکبر حسین شامل تھے ملاقات کے اختتام پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے بنگلہ دیشی سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کو یادگاری تحائف پیش کیے اور انہیں پنجاب اسمبلی کے دونوں ایوانوں کا دورہ بھی کرایا۔اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا اقبال خاں، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین، اراکین پنجاب اسمبلی احمد اقبال، ملک احمد سعید، رانا ارشد اور سارا احمد بھی موجود تھے۔








