Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
دلچسپ و عجیب

دوستوں نے 20 ہزار فٹ سے زائد بلندی پر شطرنج کھیل کر ریکارڈ بنا ڈالا

امریکا سے تعلق رکھنے والے دو گہرے دوستوں نے ایکواڈور کے پہاڑ چمبورازو کی چوٹی پر سطح سمندر سے 20 ہزار 593 فٹ بلندی پر شطرنج کھیل کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔32 سالہ ایڈم وائننگر اور 44 سالہ جوشوا ہوسٹ نے 31 مارچ کو ایکواڈور کے صوبے بولیوار میں واقع چمبورازو پہاڑ کی چوٹی پر شطرنج کا مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں انہوں نے سب سے زیادہ بلندی پر بورڈ یا پارٹی گیم کھیلنے کا عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔ایڈم وائننگر نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شطرنج ان کا پسندیدہ کھیل ہے اور پہاڑ کی چوٹی پر بیٹھ کر یہ کھیل کھیلنے کا تجربہ انتہائی شاندار تھا۔دونوں دوستوں نے چند ماہ قبل بھی اس پہاڑ کو سر کرنے کی کوشش کی تھی لیکن خراب موسمی حالات کے باعث وہ چوٹی تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔امریکی دوستوں نے سابقہ عالمی ریکارڈ 200 فٹ کے فرق سے توڑا۔ اس سے قبل برطانوی شہری ٹم ما اور نیل لافٹن نے 2024 میں نیپال کے پہاڑ پوتھا ہنچولی پر 20 ہزار 393 فٹ کی بلندی پر شطرنج کھیل کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔نئے عالمی ریکارڈ ہولڈرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنا اعزاز برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ایڈم وائننگر نے دلچسپ انداز میں کہا کہ اگر کوئی ان کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوا تو وہ دوبارہ 200 فٹ زیادہ بلندی پر جا کر نیا ریکارڈ قائم کریں گے، اور یہ سلسلہ ہر بار جاری رہے گا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button