Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
ہفتہ وار کالمز

بزعم خود گنہگار عورتیں اور ان کے گناہ!

ایک تو ملک عزیز میں مخلوط تعلیم کی وجہ سے یہ تاثر پھیل رہا ہے کہ لڑکیاں بھی لڑکوں کی طرح انسان ہوتی ہیں۔اوپر سے جدید تعلیم کا زہر پھیلانے والیوں نے یہ واہمہ عام کردیا ہے کہ عورتوں کے بھی انسانوں جیسے حقوق ہوتے ہیں۔اس طرح کی گمراہ کن تعلیمات سے معاشرے کے چہرے سے شرم و حیا کا رنگ غائب ہوتا جا رہا ہے۔ ایک دیہاتی مدرسے کے مہتمم کا فرمانا ہے کہ معاشرے میں یہ بے حیائی نہروں کے ننگے پانیوں کی وجہ سے پھیلی ہے ۔وہ کہتا ہے کہ جب تک کنوؤں سے پانی نکالا جاتا رہا،پانی بھرنے والیوں کی شرم و حیا باقی رہی ۔پر جب سے انگریز نے نہروں کا جال بچھا کر دریاؤں کے ننگے پانی کو ان میں چھوڑا ہے، پردہ ،حجاب اور حیا سب  غائب ہو چکی ہے ۔ خیر یہ تو وہاں کی بات ہے جہاں نہری پانی پیا جاتا ہے، اور اب یہ شہری  عورتیں بوتل میں بند پانی پی پی کر عملی طور پر بوتل کا جن یا چڑیل دکھائی دینے لگی ہیں۔ اوپر سے ہر عورت کے ہاتھ میں  موبائل فون نام کا شیطانی شیشہ پکڑا دیا گیا ہے ۔بھئی اس شیطانی شیشے نے زندگی کا کوئی پردہ باقی نہیں رہنے دیا۔وہ کون سی بے حیائی ہے  جو آپ اس پر دیکھ  اور سن نہیں سکتے۔اب تو شہری لڑکیاں اور اگر انہیں تھوڑا سا بڑا کر لیں ،تو خواتین یہی شیطانی شیشہ پکڑے نظر آتی ہیں۔  یہ گنہگار عورتیں اپنے شوہروں سے ذرا نہیں ڈرتیں۔بلکہ ایک غیر محتاط سروے کے مطابق بیشتر شوہر اپنی بیویوں  سے پٹتے اور ڈرتے ہیں۔کچھ کا ماننا ہے کہ وہ مار تو نہیں کھاتے ،ہاں مگر گالی گلوچ برداشت کر لیتے ہیں۔ ان گنہگار عورتوں کے ڈرے سہمے اور گبھرائے ہوئے شوہر بھی ان کی قوتِ گفتار اور ترسیل ِدشنام کی رفتار کو بدزبانی یا لڑائی جھگڑا نہیں سمجھتے۔ مریں مویا ،اللہ چٹ کری ،چخےتھی مویا ،بھا لگی ،نشے چ  مریں ،قہر پووی ،اوترا نکھترا ،شالا چوڑھا لگی، کال چوانتا، بد شکلا،  کتے دا پتر ،مہور ، کمینا ،مویا نانگ ، لخ دی لعنت، ہیٹ مرائیں، تروٹ مویا۔ شالا قبر کوں بھا لگی جمعے دے جمعے ، چخا تھی،  کہنے کا مطلب لڑائی تو نہیں ہوتا، یہ تو باہم متحارب یا مصروف گفتگو  جوڑوں کا عمومی ذخیرہ الفاظ ہے۔ ایک ایسے ہی شوہر نے بتایا کہ میں ان شوہروں کو خوش قسمت سمجھتا ہوں جن کی بیویاں ڈانٹ ڈپٹ کے یا گالم گلوچ کر کے  اور شور مچا کر اپنا غصہ نکال لیتی ہیں۔وہ کہتا ہے کہ میری بیوی حالت اشتعال میں بولنا بند کردیتی ہے ،اس کی مکمل خاموشی میری گردن کو دبوچ لیتی ہے۔میں بھی چاہتا ہوں کہ میری بیوی مجھے بھی دوسروں کی بیگمات کی طرح جلی کٹی سنایا کرے۔ یہ تو عام عورتوں کی بات اور حالات تھے۔ان میں سب سے خطرناک قسم ان  پڑھی لکھی عورتوں کی ہے ،جو بڑے فخر سے خود کو گنہگارر عورتیں کہتی ہیں ۔ستم ظریف کہتا ہے کہ وہ صرف کہتی ہی نہیں ہیں ،بلکہ ایک آنکھ دبا کر کہتی ہیں ،اور اس لہجے میں کہتی ہیں کہ سننے والے مرد کےپسینے چھوٹ جائیں۔ یہ سب سننے اور جاننے کے بعد تحقیق  شروع ہوئی کہ یہ جن کو تنگ نظر ذہنی معذور مرد گنہگار عورتیں سمجھتے ہیں ،اور جو ،جواب میں یہ سب کچھ جوتے کی نوک پر لکھ کر بڑے فخر سے خود کو گنہگار عورتیں تسلیم کرلیتی ہیں،تو آخر وہ کون سے گناہ ہیں جو ان کے اعتماد میں رفتہ رفتہ اضافہ کرتے چلے جا رہے ہیں؟تفکر شروع ہوا تو جواب بھی ملنا شروع ہوگیا۔پہلا جواب یہ ملا کہ ایک گنہگار عورت کا گناہِ اولین تو یہ ہے کہ اس نے دماغ سے کام لینا شروع کر رکھا ہے۔یہ سوچتی ہے ،حالانکہ سوچنا اس کا کام نہیں ہے۔سوچنے سے سمجھنے کا آغاز ہوتا ہے ،اور پھر سمجھداری کا زعم بھی۔تو ایسی خواتین اپنے شوہروں کو ایسے دیکھتی ہیں ،جیسے سڑک پر گلاب کی ٹہنی میں اٹکا ایک دوسرے گلاب کا پھول بیچنے والے لڑکے کو گاڑی میں بیٹھے بیٹھے انکار کرنے والیاں دیکھتی ہیں۔ پھول کی مجروح  ٹہنی بیچنے والا لڑکا چہرے کے تاثر سے درخواست کرتا ہے ،اور یہ باغی خواتین سر کے ہلکے اشارے سے منع کر رہی ہوتی ہے۔ دوسرا گناہ  مطالعے  کی عادت ہے ۔ یہ دنیا جہاں کا ادب پڑھتی رہتی ہیں۔کیا افسانے ،کیا ناول اور کیا شاعری، سب کچھ بلاامتیاز پڑھ لیتی ہیں ،خیر پڑھنا اتنا معیوب نہیں ،جتنا اس پڑھے ہوئے سے گمراہی کشید کرنا،جس کی یہ ماہر ہو جاتی ہیں۔یہ مرد کو عورت کی  نظر سے تو دیکھ ہی لیتی ہیں ، حیران کن بات یہ ہے کہ یہ عورتوں کو خالصتاً مردوں کی نگاہوں سے تاڑنے کا ہنر بھی سیکھ چکی ہیں۔سامنے سے آنے والی عورت کو کہاں سے اور کتنی دیر تک دیکھنا ہے اور دوسری سمت جانے والی عورت کو کیسے تاڑنا اور جانچنا ہے، یہ سب جانتی ہیں۔بقول ملا  کھرک جنجالوی  کے ،یہ فحش باتیں بھی لکھتی ہیں ۔ملا کہتا ہے کہ ان عورتوں سے کوئی بات چھپی نہیں رہتی ۔ملا کے بقول ایک مطلقہ میرے پاس حلالے کے امکان پر رائے لینے آئی ،اس کے ساتھ ایک گناہ گار عورت بھی تھی، چند کتابوں کا گھمنڈ اس کے چہرے پر  چھایا ہوا تھا۔ ملا کہتا ہے کہ جب میں نے ضرورت مند اور پریشان حال عورت کو حلالے کے لیے بہ امر مجبوری اور محض دُکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی خدمات پیش کیں ،تو وہ ضرورت مند عورت تو کچھ نہ بولی ، البتہ گناہ گار عورت نے فوراً کہا کہ مولانا حلالہ بذریعہ دعا کریں گے آپ؟ اس کے لیے شب زفاف کی ضرورت تو نہیں ہے نا؟ کیسی احمقانہ بات کی تھی اس گناہ گار عورت نے۔ ملا نے غصے سے جواب دیا کہ بھئی شب زفاف اور  وظیفۂ زوجیت کی تکمیل کے بغیر تو حلالہ ہو ہی نہیں سکتا۔یہ سنتے ہی پریشان حال عورت تو سہم گئی پر گناہ گار عورت چہک کر بولی کہ اس کا مطلب ہے مولانا کہ یہ اپنے سابق شوہر کو ساتھ لے کر آئے؟کیونکہ آپ سے تو کچھ ہو نہیں پائے گا۔یہ کہہ کر اس گناہ گار عورت نے پاگلوں کی طرح ہنسنا شروع کردیا۔ گناہ گار عورتوں کا گناہِ کبیرہ یہ ہے کہ وہ سوچنے ، پڑھنے اور اپنی رائے بنانے کے علاؤہ لکھتی بھی ہیں۔عورتوں کا مصنف ہونا بھی قیامت کی پکی نشانیوں میں شامل  ہے ۔یہ بات نہایت تشویش ناک ہے کہ گناہ گار عورتیں صرف باتیں نہیں کرتیں ، لکھتی بھی ہیں اور بعضیاں تو لکھتی بھی بڑا خوب ہیں۔ اور یہی چیز ان کو خطرناک بنا دیتی ہے ۔ ملا کے خیال میں اگر ان گنہگار عورتوں کو لکھنے پڑھنے سے زبردستی اور  قانوناً روکا نہ گیا تو یہ اس معاشرے کو ذہنی طور پر تباہ کرتے ہوئے سارے بہادر اور غیرت مند مردوں کو چوہے بنا کر بلوں میں گھسیڑ دیں گی۔یہ صرف غلام صفت مردوں کو باقی رہنے دیں گی۔ملا کہتا ہے کہ ایسی عورتیں  قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہیں اور شاید ایسی عورتوں کے مچائے ناقابل برداشت شور سے ہی قیامت برپا ہو گی۔ گناہ گار عورتیں مردوں سے خوف زدہ نہیں ہوتیں ، ڈرتی بھی نہیں ہیں ، وہ مردوں کو یوں دیکھتی ہیں ،جیسے بارش میں نکلنے والے کینچوے کو  بارش میں نہانے والے لڑکے دیکھتے ہیں ۔ان کی آنکھوں میں علم اور شعور جھانکتا صاف نظر آتا ہے ، بقول ملا کھرک جنجالوی ایسی عورتوں سے دور رہنا چاہیئے۔کوشش کرنی چاہیئے کہ آپ کی ازواج ان سے میل جول نہ رکھیں ،ورنہ نری تباہی ہے ۔یہ بزعم ِخود گناہ گار عورتیں جہنم کی ٹھیکے دار معلوم ہوتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button