فل فرائی، ہاف فرائی۔۔۔ جب گولی منصف بن جائے تو عدالتیں کہاں جائیں؟

عدالت کوئی عمارت نہیں، اگرچہ ہمیں یہی سکھایا گیا کہ اسے سنگِ مرمر کی سیڑھیوں اور بھاری دروازوں سے پہچانا جائے۔ عدالت ایک یقین کا نام ہے، شاید وہ سب سے نازک یقین جو کوئی قوم اپنے سینے میں رکھ سکتی ہے۔ یہ یقین کہ طاقتور کا ہاتھ ایک دن کسی ایسی چیز کے سامنے رک جائے گا جو اس سے زیادہ طاقتور ہو۔ یہ کہ کمزور کی فریاد سنی جائے گی۔ اور یہ کہ کسی انسان کی زندگی یا موت کا فیصلہ وہ نہیں کرے گا جس کے ہاتھ میں اتفاقاً بندوق ہو، بلکہ ثبوت، دلیل اور انصاف کی وہ سست مگر ناگزیر مشینری کرے گی جس کے بغیر کوئی معاشرہ مہذب کہلانے کا حق نہیں رکھتا۔میں نے چار دہائیوں سے زیادہ اپنے وطن کے بارے میں لکھا ہے، اور مجھے یاد نہیں کہ اس یقین کو کبھی اتنی خاموشی سے ریزہ ریزہ ہوتے دیکھا ہو۔ عدالتیں موجود ہیں، جج بھی، آئین بھی۔ اس کے باوجود لوگ ان واقعات میں مارے جا رہے ہیں جنہیں پولیس مقابلہ کہتی ہے۔ ملزمان کی ٹانگوں میں ایسی مہارت سے گولیاں اتاری جا رہی ہیں جو ہمیں خوفزدہ کرنے کے لیے کافی ہونی چاہیے۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ملزمان کے نیفے میں رکھے پستول خود بخود چل پڑتے ہیں۔ اور قانون کا راستہ بار بار اس بات کے مطابق مڑتا دکھائی دیتا ہے کہ ملزم کس کا بیٹا ہےکیا ہماری عدالتوں کا اختیار، کسی کے ووٹ دیئے بغیر، چپکے سے پولیس کے ہاتھوں میں منتقل ہو رہا ہے؟ کیا گواہی، تفتیش اور فیصلہ محض آرائشی چیزیں بن گئے ہیں، جن کا ریاست کے پاس ہونا تو ضروری ہے مگر استعمال ضروری نہیں؟ یہ سوال میں کسی جماعت کی طرف سے نہیں اٹھا رہا۔ میں یہ سوال اس انسانی زندگی کی طرف سے اٹھا رہا ہوں جس کی حفاظت ریاست کا فرض ہے، جسے خرچ کرنا اس کا حق نہیںہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے ہمارے سامنے ایک آئینہ رکھا ہے۔ فروری 2026 کی اس کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے مطابق 2025 کے آٹھ مہینوں میں پنجاب کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے کم از کم 670 مقابلوں میں 924 مشتبہ افراد مارے گئے، جبکہ انہی کارروائیوں میں صرف دو پولیس اہلکار جان سے گئے۔ قاری اس عدد پر کچھ دیر رکے نو سو چوبیس کوئی شماریاتی ہندسہ نہیں، نو سو چوبیس انسان ہیں اسمیں کسی کا بیٹا، کسی بچے کا باپ، کسی گھر کی پوری کائنات۔ ممکن ہے ان میں کچھ خطرناک لوگ ہوں، ممکن ہے کچھ نے واقعی گولی چلائی ہو۔ مگر کوئی امکان اس حقیقت کو نہیں بدل سکتا کہ کسی کو مجرم قرار دینے کا اختیار عدالت کا ہے۔ جس لمحے یہ اختیار کسی سپاہی کے ہاتھ میں جاتا ہے، وہ منتقل نہیں ہوتا، چرا لیا جاتا ہے۔کمیشن نے مختلف اضلاع میں ایک ہی انداز سے دہرائے جانے والے مقابلوں کی نشاندہی کی اور آزادانہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ محکمہ تردید کرتا ہے، جیسا کہ محکمے کیا کرتے ہیں۔ مگر جب کارروائی بھی پولیس کرے، کہانی بھی وہی سنائے، اور اپنے عمل کو قانونی بھی خود ہی قرار دے، تو اس کہانی کی جانچ کون کرے گا؟ مئی 2026 کی سالانہ رپورٹ نے اندھیرا اور گہرا کر دیا: 2025 میں پورے پاکستان میں1155 مقابلے او ر696 1,ہلاکتیں۔ میں یہ نہیں کہتا کہ ہر مقابلہ جعلی تھا۔ مگر اتنی اموات ایک سادہ سوال پوچھتی ہیں: ان میں سے کوئی بھی زندہ عدالت تک کیوں نہ پہنچ سکا؟ جب ہر موت کے بعد وہی جملہ لوٹ آئے کہ ملزمان نے فائرنگ کی اور جوابی کارروائی میں مارے گئے، گویا کسی قبر پر پڑھی جانے والی رسمی دعا ہو، تو سوال کسی ایک مقابلے کا نہیں رہتا، ایک پورے طریقۂ کار کا بن جاتا ہےاس سے بھی بدتر کچھ ہے، اور وہ ہماری زبان میں رہتا ہے۔ سندھ میں برسوں سے ہاف فرائی اورفل فرائی کی اصطلاحیں چل رہی ہیں،ٹانگ میں گولی، یا مبینہ جعلی مقابلے میں موت۔ یہ الفاظ بلند آواز میں بولیئے، یوں لگتا ہے جیسے کسی باورچی خانے کی بات ہو، کسی انسان کی نہیں۔ کوئی معاشرہ سب سے زیادہ ان الفاظ میں بے نقاب ہوتا ہے جو وہ ان چیزوں کے لیے گھڑتا ہے جنہیں وہ دیکھنا نہیں چاہتا۔ ظلم کو ہزار نئے نام دیئے جا سکتے ہیں، مگر وہ ظلم ہی رہتا ہے۔ نام بدلنا تو بس وہ قیمت ہے جو ہم رات کو سو سکنے کے لیے ادا کرتے ہیں۔ستمبر 2025 میں ڈی ڈبلیو نے پنجاب کے کم از کم چھ ایسے واقعات رپورٹ کئے جن میں، پولیس کے بقول، جنسی جرائم کے ملزمان کے نیفے میں چھپے پستول اچانک چل گئے، اور ہر بار گولی اعضائے تناسل پر لگی۔ مختلف شہر، مختلف لوگ، اور حیرت انگیز طور پر ایک ہی حادثہ، جیسے تقدیر نے شاعرانہ انصاف کا ذوق اور غیر معمولی طور پر پختہ نشانہ حاصل کر لیا ہو۔ میں صاف کہنا چاہتا ہوں،کسی بچی یا عورت سے زیادتی ایسا جرم ہے جس کی سنگینی کوئی کم نہیں کر سکتا، اور مجرم قانون کی کڑی ترین سزا کا حقدار ہے۔ مگر جسم پر کیے گئے تشدد کا جواب جسم پر مزید غیر قانونی تشدد نہیں ہو سکتا۔ جب ریاست جرم سے لڑنے کے نام پر خود قانون کی حد پار کرتی ہے، تو وہ جرم اور انصاف کے درمیان وہی لکیر مٹا دیتی ہے جس پر مہذب معاشرہ کھڑا ہوتا ہے۔ اور ایک بار مٹانے کے بعد وہ اسے اپنی مرضی کی جگہ دوبارہ نہیں کھینچ سکتی اور یہیں ایک دوسری تصویر ابھرتی ہے جولائی میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کے پوتے رضا ڈار کا نام لاہور میں دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں آیا۔ وہ گرفتار ہوئے، ریمانڈ ہوا، اور اب عدالت ان سمیت آٹھ ملزمان پر فردِ جرم عائد کر چکی ہے، جبکہ تمام ملزمان الزامات سے انکاری ہیں۔ فردِ جرم جرم کا ثبوت نہیں، انہیں منصفانہ سماعت کا پورا حق حاصل ہے، اور یہی قانون کا اصل کام ہے۔ میرا سوال کہیں زیادہ سادہ اور زیادہ خطرناک ہے،کیا وہ مزدور یا بے نام نوجوان، جس کی گرفتاری پر کوئی کیمرہ نہیں، اسی تحفظ کے ساتھ زندہ عدالت تک پہنچ سکتا ہے؟اسلام آباد کی سڑکوں نے اس سوال کے دو جواب لکھے ہیں۔ یکم دسمبر 2025 کی رات سیکریٹریٹ چوک کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی نے ثمرین حسین اور تابندہ بتول کی اسکوٹی کو ٹکر ماری۔ دونوں پی این سی اے سے کام کے بعد گھر لوٹ رہی تھیں، اور دونوں جان سے گئیں۔ گاڑی اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد آصف کا نوعمر بیٹا چلا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق اس کے پاس لائسنس نہیں تھا، اور اس نے اعتراف کیا کہ حادثے کے لمحے وہ اسنیپ چیٹ پر ویڈیو بنا رہا تھا۔ چند ہی دنوں میں، متاثرہ خاندانوں کی معافی کے بعد، وہ ضمانت پر رہا ہو گیا۔ جج کے خلاف اثر و رسوخ کی شکایت سپریم جوڈیشل کونسل نے خارج کر دی۔ اس سے پہلے 2022 میں سوہان پل کے قریب ایک ایس یو وی نے دو افراد کی جان لی تھی۔ اس مقدمے میں سپریم کورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی صاحبزادی شانزے ملک نامزد تھیں، جنہیں فروری 2025 میں بری کر دیا گیا یہ تمام فیصلے قانون کے دائرے میں ہوئے۔ مگر قاری پوری دیانت سے تصور کرے کہ اس اسٹیئرنگ پر کسی رکشہ ڈرائیور کا بیٹا ہوتا۔ کیا ریمانڈ، وکیل، ضمانت اور بریت کا یہی راستہ اس کے سامنے بھی کھلتا؟ یا اگلی صبح ہم پڑھتے کہ ملزم حراست سے فرار کی کوشش میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا، اور ہم صفحہ پلٹ کر چائے کی پیالی اٹھا لیتے؟یہیں اس نظام کی اصل شکل سامنے آتی ہے۔ ماورائے عدالت انصاف کا جو غیر اعلانیہ نظام ہمارے درمیان تعمیر ہو رہا ہے، وہ سب کے لیے نہیں، غریبوں کے لیے بنایا گیا ہے۔ اگر یہ واقعی جرم کے خاتمے کا نظام ہوتا تو اس کی گولی طاقتور اور کمزور میں فرق نہ کرتی ، جرم صرف کچی بستیوں تک محدود تو نہیں۔ بااثر کے لیے قانون کی کتاب کھلتی ہے، بے نام کے لیے بندوق کی نالی۔ گویا پاکستان میں غریب ہونا بذاتِ خود ایک جرم ہو جو اپنی سزا کا منتظر ہے۔اور لوگ تالیاں بجاتے ہیں۔ میں ان تالیوں کو سمجھتا ہوں،یہ ان راہداریوں میں بہت دیر انتظار کرنے کی تھکن سے اٹھتی ہیں جہاں انصاف کبھی نہیں پہنچتا۔ مگر جو لوگ ریاست کے اپنی طرف سے قتل کرنے پر خوشی مناتے ہیں، انہیں محفوظ نہیں کیا جا رہا ہوتا، انہیں سبق پڑھایا جا رہا ہوتا ہے۔ اور وہ سبق یہ ہے کہ ان کی اپنی زندگیاں بھی انہی شرائط پر رکھی گئی ہیں۔ جب لوگ سپاہی کی گولی پر جج کے فیصلے سے زیادہ بھروسا کرنے لگیں، تو یہ پولیس کی فتح نہیں، انصاف کی شکست ہےریاست کا کام مجرم کے دل میں قانون کا خوف بٹھانا ہے، شہری کے دل میں ریاست کا خوف نہیں۔ پہلا خوف انسان کو جرم سے روکتا ہے، دوسرا اُسے اُس کے حقوق سے۔ جب خوف کسی انسان کے اندر اتر جائے تو اسے خاموش کرانے کے لیے کسی کو بندوق اٹھانے کی ضرورت نہیں رہتی؛ وہ اپنے الفاظ زبان تک پہنچنے سے پہلے خود ہی گھونٹ دیتا ہے۔ وہ انصاف مانگ سکتا ہے، مگر اس کے بجائے یہ تولتا ہے کہ اس کی قیمت اس کے بچوں کو کیا چکانی پڑے گی۔ یوں کوئی قانون منسوخ کئے بغیر ایک ایسا معاشرہ جنم لیتا ہے جس میں قانون کی کتابیں الماریوں میں موجود رہتی ہیں، مگر قانون پر یقین چپکے سے کمرے سے نکل جاتا ہےپولیس کی قربانیوں کو نظرانداز کرنا بھی ناانصافی ہوگی،میں ان کے جنازوں میں کھڑا ہوا ہوں۔ قانون انہیں جان بچانے کے لیے ضروری طاقت کی اجازت دیتا ہے۔ مگر طاقت اور جواب دہی کو ساتھ ساتھ بڑھنا چاہیے، ورنہ ایک دوسرے کو نگل جاتی ہیں۔ اسی لیے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ پولیس دشمنی نہیں، خود پولیس کی عزت کی حفاظت ہے۔ اگر مقابلہ حقیقی تھا تو تحقیقات اہلکاروں کو سرخرو کریں گی، اگر جعلی تھا تو ذمہ داروں کو جواب دینا ہوگا۔ کامیابی لاشوں سے نہیں، محفوظ کی گئی زندگیوں سے ناپی جاتی ہے۔ اگر عدالتیں سست ہیں تو انہیں تیز کیجیے، گواہ ڈرتے ہیں تو انہیں تحفظ دیجیے، استغاثہ کمزور ہے تو اسے مضبوط کیجیے۔ مگر سست عدالت کا علاج تیز گولی نہیں۔ انصاف میں تاخیر ایک زخم ہے، انصاف کا خاتمہ ایک قبر۔آئین کا آرٹیکل 9 زندگی کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور آرٹیکل 10A منصفانہ سماعت کی۔ ان کا اصل امتحان تب نہیں آتا جب ملزم پر ہمیں ترس آئے، بلکہ تب آتا ہے جب پورا معاشرہ اس سے نفرت کرتا ہو اور مجمع اس کے خون کا مطالبہ کر رہا ہو۔ اگر ایسے میں بھی ریاست اسے عدالت میں لائے، تب ہم کہہ سکتے ہیں کہ قانون بالادست ہے۔ ورنہ کل کسی بے گناہ پر جھوٹا الزام لگے گا، کسی غریب کے بیٹے کو کوئی اور سمجھ لیا جائے گا، کسی سیاسی مخالف کو اٹھا لیا جائے گا، اور تب اسے بچانے کے لیے انہی اصولوں کی ضرورت ہوگی جنہیں ہم نے خوشی خوشی ڈھانے میں مدد دی تھی۔ قانون کی بالادستی پر اصرار مجرموں کا دفاع نہیں، یہ وہ واحد دفاع ہے جو ہم میں سے کسی کے پاس کبھی ہوگا۔ اسی لیے عدلیہ کا کردار فیصلہ کن ہے۔ مشکوک مقابلے میں ختم ہونے والی زندگی پولیس کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ اس سوال کا حصہ ہے کہ اس ملک میں انسانی زندگی قانون کے ذریعے محفوظ ہے، یا محض طاقت کی طرف سے برداشت کی جا رہی ہے۔ اور یہ کہ کیا قانون کی نظر میں ایک مزدور کا بیٹا اور کسی وزیر یا جج کا بیٹا واقعی ایک ہی بیٹا ہیں۔ قانون کے دو چہرے نہیں ہو سکتے۔ انصاف وہ ہے جس کے سامنے طاقتور کو جواب دینا پڑے اور کمزور چین سے سو سکے۔ایک غریب ماں تھانے کے باہر کھڑی ہے، اپنے بیٹے کی تصویر تھامے۔ وہ آئین کے آرٹیکل نہیں جانتی، اس نے انسانی حقوق کے کسی معاہدے کا نام نہیں سنا۔ مگر وہ ایک سادہ سی بات جانتی ہے، جسے ریاست اپنے تمام علم کے باوجود بھول چکی ہے ،وہ یہ کہ اس کے بیٹے کو بھی زندہ عدالت تک پہنچنے کا حق تھا۔ جس دن یہ سچائی ریاست پر بھی اتنی ہی روشن ہو جائے گی جتنی اس ماں پر، اس دن عدالت کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وہ وہیں ہوگی جہاں اسے ہونا چاہیے: ریاست اور شہری کے درمیان، اور ان دونوں کے اوپر، انصاف کے اس سائے کی طرح جس کی ٹھنڈک یہ قوم تقریباً بھول چکی تھی۔







