سابق جرمن فٹبالر اوزل یوکرین کی متنازع ’کل لسٹ‘ میں شامل

جرمنی کے سابق فٹبال اسٹار اور 2014 ورلڈ کپ کے فاتح اوزل فیفا اور یوئیفا پر دوہرے معیار اپنانے کا الزام لگانے کے بعد یوکرین کی متنازع ’کل لسٹ‘ میں شامل ہوگئے۔اوزل کو یوکرین کی ویب سائٹ ’میروٹووورٹس‘ کی فہرست میں شامل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔اس ویب سائٹ پر ایسے افراد کی ذاتی معلومات شائع کی جاتی ہیں جنہیں یوکرین کے لیے خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔اوزل نے استنبول میں ایک نمائشی فٹبال میچ کے دوران عالمی فٹبال اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ روسی ٹیموں کو عالمی مقابلوں سے باہر رکھا گیا ہے جبکہ اسرائیلی ٹیموں کے خلاف ایسی پابندیاں عائد نہیں کی گئیں۔اوزل نے زور دیا کہ فٹبال کو قومیت اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونا چاہیے اور تمام ممالک کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ روسی ٹیموں پر فروری 2022 سے فیفا اور یوئیفا کے مقابلوں میں شرکت پر پابندی ہے جبکہ اسرائیلی ٹیمیں عالمی ٹورنامنٹس میں کھیل رہی ہیں۔38 سالہ اوزل نے 2023 میں فٹبال سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ وہ ریال میڈرڈ اور آرسنل سمیت بڑے کلبوں کی نمائندگی کر چکے ہیں اور جرمنی کی جانب سے 92 میچز کھیل کر 2014 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہے۔








