فلسطین کی حمایت پر امریکی کنسرٹ ہالز کا گلوکار میکلمور کو جگہ فراہم کرنے سے انکار

معروف امریکی ریپر میکلمور نے انکشاف کیا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت میں منعقد کیے جانے والے ان کے فلاحی کنسرٹس کے لیے امریکا کے متعدد بڑے اسٹیڈیمز نے جگہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔گلوکار نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں بتایا کہ ڈبلن، پیرس اور لندن میں ان کے ’فری فلسطین‘ کنسرٹس کامیابی سے منعقد ہوئے، تاہم امریکا میں انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔میکلمور کے مطابق میڈیسن اسکوائر گارڈن، بارکلیز سینٹر اور دیگر معروف مقامات نے ابتدائی طور پر دستیاب تاریخیں بتائیں لیکن فلسطین کے لیے فلاحی کنسرٹس کا علم ہونے پر انکار کر دیا۔گلوکار نے اس اقدام کو آزادیٔ اظہار کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینیوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ طاقتور افراد کنسرٹ ہالز کے مالک ہو سکتے ہیں، لیکن وہاں آنے والے لوگوں کے نہیں۔میکلمور نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ اپنے اسٹیج خود قائم کریں گے اور فلسطینی عوام کے لیے فنڈز جمع کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔








