
عمان کے سلطان حیثم بن الطارق السعید نے دارالحکومت مسقط میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور جاری کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عمانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس ملاقات میں خاص طور پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں کے تناظر میں امن و استحکام کے امکانات پر غور کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق عمان اس تنازع میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف فریقین کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کر کے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ عمانی حکومت نے امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کو غیر قانونی اور خطے کے لیے عدم استحکام کا باعث قرار دیا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق عمان کا یہ سفارتی کردار مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ ماضی میں بھی عمان کئی حساس معاملات میں کامیاب ثالثی کر چکا ہے۔



