
امریکا کے صدر ٹرمپ کے ایران کے خلاف سخت بیان کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ صدر ٹرمپ نے جنگ بندی سے قبل اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایک ہی رات میں ایران کی تہذیب کو تباہ کر سکتے ہیں، جس پر ایران کی جانب سے ردعمل سامنے آیا ہے۔سویڈن میں قائم ایرانی سفارتخانے نے اس بیان کے جواب میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں ایران کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کیا گیا۔ویڈیو میں خاص طور پر اصفہان میں واقع ایک قدیم مسجد دکھائی گئی، جو تقریباً 400 سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔یہ مسجد اپنے منفرد فنِ تعمیر اور صوتی نظام کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس مسجد کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے اندر ایک مخصوص مقام پر کھڑے ہو کر اذان دی جائے یا بلند آواز میں گفتگو کی جائے تو اس کی بازگشت پورے ہال میں واضح طور پر سنائی دیتی ہے، حالانکہ اس زمانے میں لاؤڈ اسپیکر جیسی جدید سہولتیں موجود نہیں تھیں۔



