پرواز میں فضائی عملے پر حملے اور کاٹنے کا الزام، امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر گرفتار

امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر کو لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز میں فضائی عملے کے ارکان پر مبینہ حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ واقعے میں عملے کے دو ارکان زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔54 سالہ اداکارہ کو اتوار کی رات طیارے کی نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد حراست میں لیا گیا۔ الزام ہے کہ دورانِ پرواز انہوں نے ایک فضائی میزبان کو مکے مارے، جبکہ دوسرے کو کاٹ لیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور طبی عملے کو بھی طلب کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق کوئنز کی عدالت میں سلمیٰ بلیئر پر اسپتال منتقلی کے دوران ایک پولیس اہلکار اور ایک نرس پر مبینہ حملے کے دو الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ عدالت نے ضمانت کے لیے 20 ہزار ڈالر نقد یا 60 ہزار ڈالر کے بانڈ کی شرط مقرر کی ہے۔اداکارہ کے نمائندے نے مؤقف اختیار کیا کہ پرواز کے دوران انہیں طبی ہنگامی صورتِ حال پیش آئی تھی، جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کے مطابق طیارے کی لینڈنگ کے فوراً بعد سلمیٰ کو طبی امداد دی گئی اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔



