بپاشا باسو کی چھ سال بعد اسکرین پر واپسی، ہنسل مہتا کی ویب سیریز میں نظر آئیں گی

بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو تقریباً چھ سال کے وقفے کے بعد اداکاری کی دنیا میں واپسی کی تیاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کار ہنسل مہتا کی ایک نئی، تاحال نام نہ رکھنے والی اسٹریمنگ سیریز کی شوٹنگ شروع کردی ہے۔یہ سیریز پرائم ویڈیو پر ریلیز کی جائے گی، تاہم اس کے نام، بپاشا کے کردار اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔اس منصوبے میں سنی کوشل اور وشال جیٹھوا بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سیریز کی کہانی کشیپ کپور اور راگھو راج ککر نے لکھی ہے، جبکہ پروڈکشن کی ذمے داری پربھلین سندھو نے اپنے ادارے ’الماٹی موشن پکچرز‘ کے تحت سنبھالی ہے۔یہ کرائم ڈراما ایک ایسے بظاہر غیر نمایاں قصبے کے پس منظر میں ترتیب دیا گیا ہے جس کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ براعظم میں ہیروئن کی تجارت کا بڑا مرکز بن سکتا ہے۔ سنی کوشل ایک ایسے پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو بدعنوانی سے پاک رہنے کے عزم کے ساتھ نظام کے اندر اور باہر موجود طاقتور عناصر کا مقابلہ کرتا ہے۔ اسے اپنے اصولوں پر قائم رہنے کے ساتھ ایسے حالات سے بھی گزرنا پڑتا ہے جو اس کی انسانیت اور اخلاقی اقدار کا امتحان لیتے ہیں۔



