Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

بحرین کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد ( آصف اقبال ) بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بحرینی وزیر خارجہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان پہنچے ہیں، جہاں وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بحرینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بحرین کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بحرین کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی روابط پر استوار ہیں۔وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کی استعداد کار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔بحرین کے وزیر خارجہ نے بحرینی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے بحرین کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس پاکستان اور بحرین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جو پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button