Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعظم کی زیرصدارت ریگولیٹری اصلاحات کا اجلاس، 557 اصلاحات کی منظوری، سالانہ 460 ارب روپے بچت متوقع

اسلام آباد ( آصف اقبال ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے فروغ اور ریگولیٹری نظام کو مزید شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں موجود تمام ریگولیٹری تقاضوں اور قواعد و ضوابط کو ایک جامع ریگولیٹری رجسٹری کے تحت مرتب کیا جائے، جبکہ اصلاحات کے عملی اثرات جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کرائی جائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کابینہ کی ریگولیٹری ریفارمز کمیٹی نے سات ملٹی سیکٹرز میں 557 اصلاحات کی منظوری دی ہے، جن سے سالانہ 460 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو کابینہ سے منظور شدہ اصلاحات پر بروقت عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری اداروں کو اصلاحات کے نتیجے میں ٹھوس فوائد ملنے چاہئیں۔ انہوں نے SIFC کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور اصلاحات سے کاروباری برادری کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کو پنجاب کے E-BIZ ماڈل کی طرز پر جدید بنایا جا رہا ہے، جبکہ ایکسپورٹ اور امپورٹ پالیسی آرڈرز کو بھی سہل بنایا جا رہا ہے۔ بی ایف سی کے ذریعے 8,717 درخواستوں پر عملدرآمد شروع ہوا، جن میں سے 71 فیصد مکمل کی جا چکی ہیں، جبکہ اسلام آباد بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر نے 4,612 نئے کاروباروں کو سہولیات فراہم کی ہیں۔وزیراعظم نے SIFC اور چیف سیکریٹری پنجاب کو مارچ 2027 تک E-BIZ پنجاب اور BFC اسلام آباد کے انضمام کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button