Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور نے کرسچن میرج بل کی منظوری دے دی

لاہور ( آصف اقبال ) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور کا اجلاس چیئرپرسن راحیلہ خادم حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کرسچن میرج بل 2026 کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔بل کے محرک فیلبوس کرسٹوفر نے مجوزہ قانون سازی کے خدوخال کمیٹی کے سامنے پیش کیے۔ بل میں کرسچن میرج ایکٹ 1872 کو منسوخ کرکے مسیحی شادیوں کے لیے جدید اور جامع قانونی فریم ورک متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے مجوزہ قانون کے تحت مسیحی برادری میں شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ فیلبوس کرسٹوفر کے مطابق موجودہ قانون کے تحت مسیحی شادی کے لیے لڑکے کی کم از کم عمر 16 جبکہ لڑکی کی عمر 13 سال مقرر ہے۔بل میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ شادی کے دونوں فریقین کا مسیحی مذہب سے تعلق ہونا لازم ہوگا۔ شادی سے قبل تحریری نوٹس اور اعلانِ نکاح کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے مجوزہ قانون کے تحت مسیحی شادیوں کی یونین کونسل اور نادرا میں رجسٹریشن لازمی قرار دینے کی تجویز ہے۔ فیلبوس کرسٹوفر کے مطابق موجودہ قانون کے تحت مسیحی شادی کی یونین کونسل اور نادرا میں رجسٹریشن ممکن نہیں بل میں حکومت پنجاب سے رجسٹرڈ گرجا گھروں کے مذہبی تعلیم یافتہ پادریوں کو مسیحی طریقہ کار کے مطابق شادی کرانے کا اختیار دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ مقررہ پادریوں یا حکومت کے مقرر کردہ میرج رجسٹرارز کو شادی کرانے کا اختیار حاصل ہوگا مجوزہ قانون کے تحت شادی کی تقریب کے لیے وقت اور دن کی کوئی پابندی نہیں ہوگی، جبکہ شادی کم از کم دو گواہوں کی موجودگی میں انجام دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ مسیحی شادیوں کا باقاعدہ ریکارڈ میرج رجسٹرز اور مقررہ فارم کے ذریعے محفوظ رکھنے کی بھی تجویز ہے۔فیلبوس کرسٹوفر نے کہا کہ کرسچن میرج بل 2026 کا مقصد موجودہ قانونی فریم ورک کو یکجا اور جدید بنانا، آزادانہ رضامندی کے تحفظ کو مضبوط کرنا اور مسیحی ازدواجی قوانین میں قانونی وضاحت یقینی بنانا ہے کمیٹی سے منظوری کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی کے ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button