آئی فون صارفین کے لیے واٹس ایپ میں تھرڈ پارٹی اے آئی ایجنٹس کی انٹری

واٹس ایپ نے اپنے پلیٹ فارم کو مزید وسیع کرتے ہوئے آئی فون صارفین کے لیے تھرڈ پارٹی ایجنٹس سے براہ راست چیٹ کی سہولت متعارف کرانا شروع کردی ہے۔ یہ فیچر فی الحال محدود تعداد میں صارفین تک پہنچایا جارہا ہے اور اس کے ذریعے مختلف بیرونی ایجنٹس کو واٹس ایپ چیٹ کے اندر استعمال کیا جاسکے گا۔WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں اس فیچر کی آزمائش کے دوران صارف کو ایپ کی سیٹنگز سے اپنا ایجنٹ شامل کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ ایک اکاؤنٹ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانچ ایجنٹس منسلک کیے جاسکتے ہیں۔ایجنٹ ترتیب دیتے وقت صارف اس کے لیے مخصوص نام اور پروفائل تصویر منتخب کرسکتا ہے، جس کے بعد واٹس ایپ ایک API کی فراہم کرتا ہے۔ یہ کی متعلقہ تھرڈ پارٹی سروس میں استعمال کرکے ایجنٹ کو واٹس ایپ چیٹ کے ساتھ منسلک کیا جاسکتا ہے۔ API کی کو کسی دوسرے فرد کے ساتھ شیئر نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے کیونکہ اس کے ذریعے ایجنٹ پر مکمل کنٹرول حاصل ہوسکتا ہے۔کنکشن مکمل ہونے کے بعد ایجنٹ عام واٹس ایپ کانٹیکٹ کی طرح چیٹ لسٹ میں نظر آتا ہے اور صارف اس سے مختلف کام لے سکتا ہے۔ مثال کے طور پر ڈرافٹ تیار کرنے، نوٹس بنانے یا ذاتی معاون کے طور پر اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ سہولت صرف مصنوعی ذہانت تک محدود نہیں، کیونکہ واٹس ایپ کے مطابق دیگر مطابقت رکھنے والے بوٹس بھی اس نظام سے منسلک ہوسکتے ہیں۔



