آئی سی سی کا انٹرنیشنل کرکٹ شیڈول میں بڑی تبدیلی پر غور

دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی کرکٹ آپریشنز ورکشاپ آج سے شروع ہو رہی ہے جس میں 2027-31 کے فیوچر ٹور پروگرامز پر اہم بات چیت متوقع ہے۔آئی سی سی کی موجودہ ایف ٹی پی سائیکل مارچ 2027 میں مکمل ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق اس ہفتے ہونے والی ملاقاتوں میں کئی اہم معاملات پر پیش رفت ہوگی تاہم مکمل اور حتمی ایف ٹی پی کا اعلان نومبر میں بالی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس سے قبل متوقع نہیں ہے۔اس کی وجہ مختلف ممالک کے شیڈول میں موجود کئی اہم معاملات ہیں۔نئے سائیکل میں مکمل رکن ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں دوطرفہ ون ڈے میچز کم ہوسکتے ہیں۔تاہم ون ڈے کرکٹ کے عالمی کپ کی اہمیت برقرار رہے گی اور تین یا چار ملکی سیریز کے ذریعے 50 اوورز کی کرکٹ کو مزید اہم بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کے درمیان بڑی باہمی سیریز کا خاکہ پہلے ہی طے شدہ ہے۔



