جدہ میں ہونے والا ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا چھٹا ایڈیشن ملتوی

سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والا ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2026 میں منعقد نہیں ہوگا۔ ریڈ سی فاؤنڈیشن نے اعلان کیا ہے کہ دسمبر میں ہونے والے فیسٹیول کا چھٹا ایڈیشن ملتوی کردیا گیا ہے اور اب یہ تقریب 2027 کی آخری سہ ماہی میں منعقد کی جائے گی۔فیسٹیول کا انعقاد 3 سے 12 دسمبر 2026 تک جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں ہونا تھا، تاہم فاؤنڈیشن نے 21 ستمبر کو اعلان کیا کہ جامع جائزے کے بعد ایونٹ کو ایک سال کے لیے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 2027 میں فیسٹیول کی حتمی تاریخوں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔ریڈ سی فاؤنڈیشن کے مطابق فیصلہ اگلے ایڈیشن کے وقت اور ایک بین الاقوامی سطح کے بڑے ایونٹ کے انعقاد سے متعلق انتظامی اور لاجسٹک تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد فیسٹیول کو ایسے وقت اور حالات میں منعقد کرنا ہے جب وہ ناظرین کو وہی تجربہ فراہم کرسکے جس کے لیے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول پہچانا جاتا ہے۔فیسٹیول کے ملتوی ہونے کے باوجود فاؤنڈیشن نے واضح کیا ہے کہ اس کی سال بھر جاری رہنے والی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ ریڈ سی فنڈ اور ریڈ سی لیبز اپنا کام جاری رکھیں گے، جبکہ نومبر 2026 سے تاریخی جدہ کے کلچر اسکوائر میں سال بھر کے لیے نئی سرگرمیاں بھی شروع کی جائیں گی۔



