
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ پر امریکا کے مجوزہ کنٹرول کی مخالفت کرنے والے ممالک کو درآمدی ٹیرف لگانے کی دھمکی دے دی ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈنمارک اور اس کے یورپی اتحادیوں پر آئندہ ماہ سے اضافی محصولات عائد کیے جائیں گے تاکہ گرین لینڈ کے معاملے پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ امریکا فروری سے ڈنمارک اور اس کے اتحادی ممالک پر 10 فیصد درآمدی ٹیرف نافذ کرے گا، جو بعد ازاں جون سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ اقدام گرین لینڈ کے حصول کے لیے دباؤ کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا نے کئی دہائیوں بلکہ صدیوں تک ڈنمارک اور یورپی ممالک کو تجارتی سہولتیں اور سبسڈیز فراہم کیں، مگر اس کے بدلے کبھی مناسب معاوضہ وصول نہیں کیا گیا۔ ٹرمپ کے مطابق اب وقت آ گیا ہے کہ ڈنمارک اس کا ازالہ کرے، کیونکہ عالمی امن اور سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔



