0

کسی کو پتا ہی نہیں سائفر کا متن کیا ہے لیکن کہہ رہے ہیں دشمن کو فائدہ ہوگیا، اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ کسی کو پتا ہی نہیں سائفر کا متن کیا ہے لیکن کہہ رہے ہیں دشمن کو فائدہ ہوگیا، سارا کیس ایک ڈاکیومنٹ کے گرد گھوم رہا ہے وہ ڈاکیومنٹ ریکارڈ پر نہیں اور اس کا متن بھی ریکارڈ پر نہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں سائفر کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی اپیل پر سماعت ہوئی جو کہ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے روبرو ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء سلمان صفدر اور دیگر عدالت کے سامنے پیش جبکہ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر حامد علی شاہ اور ذوالفقار عباسی نقوی، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت بھی پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے ریورٹ منگوائی تھی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کی جانب سے رپورٹ ابھی تک پیش نہ ہوسکی۔عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل جاری رکھے اور کہا کہ سائفر آفس چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے، سائفر بذریعہ ای میل موصول ہوا۔چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی جو سائفر آتا ہے وہ بذریعہ ای میل کوڈڈ شکل میں آتا ہے آفیسر اس کو ڈاؤن لوڈ کر کے ڈی کوڈ کرے گا؟سلمان صفدر نے کہا کہ اوریجنل سائفر اسی کے پاس رک جائے گا، سیکرٹ لینگوئج بھی اس کے اوپر لکھی ہوئی ہے، سیکرٹری فارن افیئرز اجازت دیتا ہے کہ سائفر کس کس کے پاس جانا ہے، سائفر کی کاپی جس کے پاس بھی جائے وہ اوریجنل سائفر تصور ہوگا جو واپس کرنا ضروری ہے، یہ سائفر واپس کر کے ضائع کر دیا جاتا ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے کہا کہ جو ای میل کوڈڈ فارم میں بذریعہ ای میل آیا کیا وہ اب موجود ہے؟ اس پر اسپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے کہا کہ جی وہ تو رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں