
امریکا نے سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل ملکوں کی تعداد 19 سے بڑھاکر 30 سے زائد ملکوں تک کرنے کی تیاری کرلی۔امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری Kristi Noem نے امریکی ٹی وی سے گفتگو میں کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ صدر ٹرمپ جائزہ لے رہے ہیں کہ مزید کون سے ملک ہوں گے جن پر پابندیاں لگیں گی۔اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں خبر سامنے آئی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ سے متعلق خدشات کے باعث 19 غیر یورپی ممالک سے آنے والے تارکین وطن کی جانب سے جمع کروائی گئی تمام امیگریشن درخواستوں کو روک دیا ہے، جس میں گرین کارڈ اور امریکی شہریت کی کارروائی بھی شامل ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق یہ پابندی ان 19 ممالک کے افراد پر لاگو ہوتی ہے جنہیں جون میں پہلے ہی جزوی سفری پابندی کا سامنا تھا۔ ان ممالک کی فہرست میں افغانستان، برما، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اريتريا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں، جن پر جون میں سب سے سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور جس میں چند استثناؤں کے ساتھ امریکا میں داخلے پر مکمل پابندی بھی شامل تھی۔فہرست میں شامل دیگر 19 ممالک، جنہیں جون میں جزوی پابندیوں کا سامنا تھا، میں برونڈی، کیوبا، لاؤس، سیرالیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینیزویلا شامل ہیں۔



