بھارت: انتخابات سے قبل مودی اکاؤنٹس منجمد کرکے پارٹی کو مفلوج کر رہے ہیں، کانگریس کا الزام

بھارت: انتخابات سے قبل مودی اکاؤنٹس منجمد کرکے پارٹی کو مفلوج کر رہے ہیں، کانگریس کا الزام

بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام لگایا ہے کہ وہ انکم ٹیکس کیس میں ان کے اکاؤنٹس منجمد کر کے آئندہ عام انتخابات سے قبل پارٹی کو مفلوج کر رہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق پارٹی نے پہلے کہا تھا کہ گزشتہ ماہ 2018-19 کے ایک زیر التوا ٹیکس کیس میں کانگریس کے بینک اکاؤنٹ کا ایک حصہ منجمد کردیا گیا تھا۔رواں ماہ کے شروع میں ایک ٹیکس ٹربیونل نے بینک اکاؤنٹس سے انکم ٹیکس کی مد میں ایک ارب 36 کروڑ کی وصولی کو روکنے کی کانگریس کی اپیل کو مسترد کر دیا تھا۔کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے تمام اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے جس کے بعد اس کے پاس انتخابی مہم چلانے کے لیے فنڈز تک رسائی نہیں رہی۔پریس کانفرنس میں راہول گاندھی نے کہا کہ 20 فیصد بھارت ہمیں ووٹ دیتا ہے اور ہم کسی چیز کے لیے 2 روپے بھی دینے کے قابل نہیں ہیں، یہ منصوبہ انتخابات میں ہمیں مفلوج کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔سات مرحلوں میں ہونے والے عام انتخابات آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے ہیں جب کہ رائے عامہ کے زیادہ تر سروے نریندر مودی اور ان کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیے آسان فتح کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔عام انتخابات کے لیے بنائے گئے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی قیادت کرنے والی کانگریس کو نریندر مودی کے لیے اہم چیلنج کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔راہول گاندھی نے ٹیکس کیس جس کی وجہ سے پارٹی کے تمام بینک اکاؤٹنس کو منجمد کر دیا گیا ہے، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم مہم نہیں چلا سکتے، ہمارے لیڈر ملک کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں جانے کے لیے جہاز کا ٹکٹ نہیں لے سکتے، جہاز کا ٹکٹ تو دور کی بات ، وہ ریل کا ٹکٹ بھی نہیں خرید سکتے۔بی جے پی نے فوری طور پر راہول گاندھی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ٹیکس چوری میں ملوث ہے اور اس کی وجہ سے اسے کارروائی کا سامنا ہے۔

kamran

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے