0

بھارتی سیاست میں بھونچال، نئی دہلی کے وزیراعلیٰ کیجری وال کو گرفتار کر لیا گیا

نئی دہلی: بھارتی سیاست میں بھونچال آگیا، نئی دہلی کے وزیراعلیٰ کیجری وال کو گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کیجری وال پر منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں، ان پر بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شراب پالیسی میں دھوکہ دہی سے متعلق منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کئے ہیں۔وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق کیجری وال جیل سے حکومت چلائیں گے، کیجری وال استعفیٰ نہیں دیں گے، ہم نے سپریم کورٹ میں ارجنٹ کیس فائل کردیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کیجری وال کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے، کیجری وال کو جمعہ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔بھارتی میڈیا نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ کی گرفتاری کے بعد عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کی بھاری تعداد کیجری وال کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئی اور ’نریندرمودی سرکار کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی، کے نعرے لگائے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے احتجاج کرنے والے عام آدمی پارٹی کے متعدد کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیا۔بھارتی میڈیا نے بتایا کہ کیجری وال پر 100 کروڑ کی کرپشن کے الزامات لگائے گئے ہیں۔کانگریس پارٹی نے نئی دہلی کے وزیراعلیٰ کیجری وال کی گرفتاری کوغیر آئینی قرار دے دیا۔ترجمان بھارتیہ جنتا پارٹی نے مؤقف میں کہا کہ کیجری وال نے اپنے دوستوں کی کمپنیوں کو شراب کے ٹھیکے دیئے، بلیک لسٹ کمپنیوں کو نوازا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں