0

آئی ایم ایف پروگرام سے مہنگائی کا طوفان آئےگا، حکومت6 ماہ سے زیادہ نہیں چلےگی: عمران خان

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، یہ حکومت پانچ چھ ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نگران حکومت، الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ سب ایک ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سب کچھ جھوٹ پر چل رہا ہے۔ فافن، پلڈاٹ سمیت پانچ رپورٹس کے باوجود بھی الیکشن کمشنر بیٹھے ہوئے ہیں۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ پیپلزپارٹی کابینہ کاحصہ اس لیے نہیں بنی کیونکہ انہیں پتا ہے کہ یہ سیٹ اپ نہیں چلےگا۔ افغانستان کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ افغانستان میں جو بھی حکومت ہو اس سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، طالبان اور امریکا کے ڈائیلاگ ہم نے کرائے، ہمارے دور میں افغان حکومت نے ٹی ٹی پی کا مسئلہ حل کرنےکی یقین دہانی کرائی تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ سےکہا تھا کہ جنرل فیض کو تبدیل نہ کریں، وہ دہشت گردی اور افغانستان کا مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔ جنرل باجوہ کورکمانڈرز کانفرنس میں کہتے تھے کہ عمران خان جنرل فیض کو آرمی چیف بنانا چاہتا ہے، جنرل فیض کو آرمی چیف بنانا میرے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں