کون کون میت پر آتا ہے؟ یہ دیکھنے کیلئے شہری نے اپنی موت کا ڈرامہ رچالیا

بھارت میں ایک شہری نے یہ دیکھنے کے لیے کہ "اس کی موت پر کون آتا ہے اور کون افسوس کرتا ہے، اپنی جعلی موت کا ڈرامہ رچا ڈالا۔مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کو یہ اطلاع دی کہ وہ اچانک انتقال کر گیا ہے۔ اس کے بعد اُس کے اہلِ خانہ کی مدد سے جعلی موت کی خبر، اسپتال کی رپورٹ اور حتیٰ کہ انتقال کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پھیلائی گئیں۔جب لوگ تعزیت کے لیے اُس کے گھر پہنچے تو اچانک وہ شخص زندہ حالت میں نمودار ہو گیا اور بتایا کہ وہ صرف یہ جاننا چاہتا تھا کہ اس کی موت پر کون سچا دُکھ دکھائے گا۔تاہم اس حرکت نے اُسے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنا دیا۔ کئی لوگوں نے اسے غیر اخلاقی، جذبات سے کھیلنے والا اور خود غرض عمل قرار دیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ یہ قدم شاید احساسِ تنہائی یا ذہنی دباؤ کا نتیجہ تھا۔پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں کیونکہ جعلی موت کی اطلاع پھیلانا قانونی جرم بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔