امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر تاریخی حضوری باغ لاہور میں پروقار تقریب

لاہور: ( آصف اقبال ) امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر تاریخی حضوری باغ لاہور میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں امریکہ کے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز، سفارتی و سرکاری حکام، کاروباری شخصیات، ماہرینِ تعلیم، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات، ثقافتی سرگرمیوں اور حضوری باغ میں شاندار لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، عوامی روابط، تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، تجارت اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اپنے خطاب میں مریم اورنگزیب نے امریکہ کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی احترام، جمہوری اقدار، مشترکہ مفادات اور پائیدار شراکت داری پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی، اختراع، ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام، امن، علاقائی تعاون اور ترقی کے سفر پر گامزن ہے، جبکہ مؤثر سفارت کاری اور باہمی اعتماد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے تقریب کے شاندار انعقاد اور تاریخی حضوری باغ میں منفرد لائٹ شو پر والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور امریکی قونصل خانے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی ڈھائی سو سالہ ترقی قومی عزم، مسلسل جدوجہد اور مضبوط جمہوری اداروں کی عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی، سیاحت، ثقافتی ورثے کے تحفظ، صنعتی ترقی، ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں پاک امریکہ تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے اپنے خطاب میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیم، کاروباری مواقع، انٹرپرینیورشپ، تجارت اور عوامی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی باہمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر پاک امریکہ دوستی، مشترکہ اقدار اور دیرینہ شراکت داری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ شرکاء نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔



