بھارتی نژاد برطانوی فلم ساز سائرس پٹیل نے اسلام قبول کرلیا

بھارت میں جنم لینے والے اور برطانیہ میں مقیم معروف فلم ساز سائرس پٹیل کے اسلام قبول کرنے کی اطلاعات سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کر رہی ہیں۔حالیہ دنوں ہالی ووڈ سے وابستہ شخصیات کے مذہب تبدیل کرنے کی خبروں کے بعد فلمی دنیا کی ایک اور نمایاں شخصیت کے حوالے سے سامنے آنے والی یہ خبر موضوعِ بحث بن گئی ہے۔سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک دستاویز وائرل ہو رہی ہے، جسے اسلام قبول کرنے کا سرکاری سرٹیفکیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سرٹیفکیٹ لندن کی سینٹرل مسجد اور اسلامی ثقافتی مرکز کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جبکہ اسے آن لائن شیئر کرنے والوں میں سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ بھی شامل ہیں۔ترکی آل الشیخ کے مطابق سائرس پٹیل نے سعودی عرب میں ایک فلمی منصوبے پر کام کے دوران وہاں کچھ عرصہ گزارا، جس کے بعد انہوں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے اس دعوے کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر خاصی دلچسپی کا باعث بن گیا ہے، خصوصاً اس لیے کہ اس سے قبل بھی سعودی عرب میں قیام کے دوران ہالی ووڈ اداکار جیانکارلو اسپوزیٹو کے اسلام قبول کرنے سے متعلق رپورٹس سامنے آ چکی تھیں۔



