آدھا سرخ، آدھا پیلا! نایاب سیب نے پورے شہر کو حیرت میں ڈال دیا

نیوزی لینڈ کے ایک پھل فروش اسٹور میں ملنے والے غیر معمولی سیب نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ یہ منفرد سیب اپنی حیران کن شکل و صورت کے باعث مقامی سطح پر خاصا مشہور ہو چکا ہے، کیونکہ اس کا ایک حصہ مکمل طور پر سرخ جبکہ دوسرا حصہ پیلا ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ نایاب سیب مئی کے وسط میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے مضافاتی علاقے مائر یہاؤ میں واقع سن شائن کارنر مارکیٹ میں پہنچنے والی ایک کھیپ سے دریافت ہوا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیب کا رنگ تقریباً عین درمیان سے دو واضح حصوں میں تقسیم ہے، جس نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔ یہ سیب عمدہ معیار کے رسیلے، میٹھے اور خستہ سیبوں کے درمیان سے سامنے آیا تھا۔ماہرین کے مطابق اس طرح کا دو رنگوں والا سیب انتہائی کم پایا جاتا ہے اور اندازہ ہے کہ دس لاکھ پھلوں میں سے ایک سے بھی کم میں یہ خصوصیت دیکھی جاتی ہے۔ اس کی وجہ ایک نایاب جینیاتی تبدیلی ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں پھل ایسے خلیات سے تشکیل پاتا ہے جو دو مختلف جینیاتی پس منظر رکھتے ہیں۔اسٹور کی مالک ہیدر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ سیب اب ایک مقامی ’’سلیبریٹی‘‘ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ ان کے بقول لوگ اسے دیکھ کر گھر جاتے ہیں اور اپنے اہل خانہ کو اس کے بارے میں بتاتے ہیں، لیکن اکثر لوگ یقین نہیں کرتے، جس کے بعد وہ دوبارہ اپنے شریکِ حیات یا دوستوں کو ساتھ لے کر اسے دکھانے آتے ہیں۔ بہت سے افراد اس منفرد سیب کے ساتھ تصاویر بھی بنوا رہے ہیں۔ہیدر کا کہنا تھا کہ طویل عرصے سے پھلوں کے کاروبار سے وابستہ ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار ایسا سیب دیکھا ہے۔ بعض گاہک تو اسے خوش قسمتی کی علامت سمجھتے ہوئے کسی مقابلے یا اہم موقع سے قبل اسے چھونے کی خواہش کا اظہار بھی کرتے ہیں۔



